ایکنانیوز- اسلام ٹائمز۔ برمی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پرتاپ پارک سرینگر میں انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے زیر اہتمام ایک خاموش احتجاجی دھرنا دیا گیا، دھرنے پر بیٹھے شرکاءنے پارک میں ایک بڑا بینر لگایا تھا جس پر ”Come on Wakeup Muslim World“ اور “Stop genocide Muslim in Myanmar” تحریر تھا۔
دھرنے پر بیٹھے شرکاء نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ کی خاموشی، اسلام دشمنی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برما میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں اور اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی انتہائی شرمناک ہے۔ انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے احتجاجی کارکنان کا مطالبہ تھا کہ ”او آئی سی“ اپنی منصبی ذمہ داری ادا کرکے رہنگیائی مسلمانوں پر ہورہے مظالم و تشدد کو روکے، انہوں نے کہا کہ اگر عالمی حقوق انسانی کے ادارے اپنی ذمہ داری نبھائے تو میانمار کے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مسلم ممالک میں ہورہی قتل و غارتگری کو مختصر مدت میں روکا جاسکتا ہے۔
مظاہرین کا مزید کہنا تها کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کسی بھی ملک کے اندر مظالم اور جبر سے مجبور ہو کر ہجرت کرنے والوں کو پناہ دینا ضروری ہے لیکن قریبی اور پڑوسی ممالک مظلوم روہنگیا مسلمانوں کو پناہ دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے عالمی ادارے اور عالمی برادری برما میں مظلوم اور نہتے مسلمانوں کی نسل کشی اور بدترین مظالم پر مجرمانہ خاموشی ترک کریں۔ برما میں روہنگیا مسلمانوں کا قافیہ حیات تنگ کردیا گیا ہے اور نوجوانوں و خواتین سمیت سبھی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برما کے رہنگیائی مسلمان دنیا کی مظلوم ترین اقلیت کو طور پر سامنے آرہے ہیں ایسے میں مسلم حکمرانوں اور عالمی اداروں کی خاموشی مجرمانہ ہے۔
دھرنے میں شامل ارکان کا کہنا تھا کہ برما میں مسلمانوں پر ظلم کی انتہا ہوچکی ہے، عورتوں کی عصمتیں محفوظ نہیں، ان کا قتل کیا جارہا ہے، معصوم بچوں کے گلے کاٹے جارہے ہیں اور رہنگیائی مسلمانوں کو انکے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے، صدیوں سے یہ مسلمان ظلم و ستم کا شکار ہیں اور انہیں اپنے ہی گھروں سے بے دخل کیا جارہا ہے۔
مسلم یونٹی کونسل نے مسلمانان عالم سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر دشمنان اسلام، دشمنان انسانیت کا مقابلہ کریں اور اس بات کو بھی دہرایا گیا کہ مسلمانوں کے آپسی اتحاد اخوت و بھائی چارگی کی اشد ضرورت ہے جس سے ہمارے اکثر مسائل حل ہوسکتے ہیں، پرامن و خاموش احتجاجی دھرنے میں جاوید عباس رضوی، وسیم رضا، لائرس کلب کشمیر کے چیئرمین بابر قادری، محمد اشرف منٹو، غضنفر علی، محمد رفیع، میرواعظ وسطی کشمیر سید عبدالطیف کے نمائندے، مولانا عبدالصمد انقلابی کے علاوہ کثیر تعداد میں طلباء، نوجوان اور دانشمندان شامل تھے۔