ایکنا نیوز-شفقنا-علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ بین الاقوامی سازش کے تحت مسلسل عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور مسلمہ اسلامی مکاتب فکر میں انتشار و افتراق ایجاد کرنے کی مذموم کوششیں ہورہی ہیں لیکن یہ عناصر نہیں جانتے کہ امت مسلمہ ‘ امت واحدہ ہے جسے لڑانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔
اپنے مذمتی بیان میں علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ دہشت گردی دنیا کے جس کسی خطے میں بھی ہو‘ قابل مذمت ہے اور اس میں ملوث سفاک قاتلوں اور دہشت گردوں کا کسی مکتب اور مسلک سے کوئی تعلق نہیں ۔اس دلخراش سانحہ سے پوری ملت مسلمہ کے اندر غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ عرب ممالک میں دہشت گردی کی روک تھام کے لئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے‘ حالیہ سانحہ کے پس پردہ محرکات اور اسباب سامنے لاکر اور مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مسجد امام الصادق ؑ کویت میں نماز جمعہ کے دوران شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔