ایکنا نیوز- ایران ریڈیو- لبنان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر محمد فتح علی نے بیروت میں اس ملک کے سابق صدر میشل سلیمان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں محمد فتح علی نے کہا کہ مشرق وسطی کے علاقے کو تکفیری اور صیہونی دہشت گردی کا سامنا ہے اور اس دہشت گردی کی وجہ سے علاقے میں پائے جانے والے بحران میں شدت پیدا ہو رہی ہے اور علاقائی ممالک کی بنیادی تنصیبات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ لبنان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے ایران کے ایٹمی معاہدے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدے سامراجی محاذ کی توسیع پسندی کے مقابلے میں استقامتی محاذ کی ثابت قدمی اور استقامت کا نتیجہ ہے۔ لبنان کے سابق صدر میشل سلیمان نے بھی اس ملاقات مین ایٹمی معاہدے تک رسائی پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیابی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ دنیا کی سیاسی شخصیات سے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دینی اور مذہبی عقائد کی بنا پر کبھی بھی ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کے درپے نہیں رہا ہے اور کبھی بھی ان ہتھیاروں کی تیاری کی کوشش نہیں کرے گا۔
دوسری جانب لبنان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ ویانا ایٹمی معاہدے اور خطےکے اہم مسائل کے سلسلے میں آئندہ چند دنوں کے دوران مشاورت کے مقصد سے لبنان کا دورہ کریں گے۔ محمد فتح علی کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ اپنے دورہ لبنان کے دوران لبنان کے اعلی عہدیداروں اور حزب اللہ کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں اور مذاکرات کریں گے۔