ہندوستان: 'گائے کا گوشت کھانے' پر مسلمان قتل

IQNA

ہندوستان: 'گائے کا گوشت کھانے' پر مسلمان قتل

11:46 - September 30, 2015
خبر کا کوڈ: 3374732
بین الاقوامی گروپ:ہندوستانی ریاست اتر پردیش کے ڈسٹرکٹ دادری میں 50 سالہ مسلمان شخص کو گائے کا گوشت کھانے کی افواہوں پر تشدد کرکے ہلاک جبکہ ان کے 22 سالہ بیٹے کو شدید زخمی کردیا گیا

ایکنا نیوز-ڈان نیوز- ہندوستانی نیوز ویب سائٹ انڈین ایکسپریس نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈسٹرکٹ دادری کے گاؤں بسارا میں یہ افواہیں پھیل گئیں کہ محمد اخلاق نے اپنے گھر میں نہ صرف گائے کا گوشت ذخیرہ کررکھا ہے بلکہ ان کا خاندان گوشت کو استعمال بھی کررہا ہے.

پولیس کے مطابق مقامی مندر میں اس اعلان کے بعد کہ محمد اخلاق کے خاندان نے گائے کا گوشت کھایا ہے، ان کے گھر پر ایک ہجوم نے حملہ کردیا اور تشدد کرکے خاندان کے سربراہ 50 سالہ محمد اخلاق کو ہلاک جبکہ ان کے بیٹے دانش کو شدید زخمی کردیا، جس کی حالت ہسپتال میں تشویس ناک بتائی گئی.

ایک اور ہندوستانی نیوز ویب سائٹ آئی بی این لائیو کے مطابق محمد اخلاق کو پتھر مار مار کر ہلاک کیا گیا.

گوتم بدھ نگر کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کرن ایس نے بتایا کہ "ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مقامی مندر سے محمد اخلاق کے خاندان کے گائے کے گوشت کھانے سے متعلق اعلان کیا گیا تھا".

پولیس کے مطابق انتشار پھیلانے اور قتل کے الزام میں 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان میں سے 6 افراد کو گرفتار کرلیا.

دوسری جانب گوتم بدھ نگر کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ این پی سنگھ کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے.

پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے محمد اخلاق کے گھر سے گوشت کے نمونے حاصل کر کے فرانزک ڈپارٹمنٹ کو بھجوا دیئے ہیں.

دوسری جانب ہلاک ہونے والے شخص کی 18 سالہ بیٹی ساجدہ نے ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے فریج میں گائے کا نہیں بلکہ 'بکرے کا گوشت' تھا.

1027310

نظرات بینندگان
captcha