
ایکنا نیوز- رمضان المبارک کے پیش قرآن کی طباعت کرنے والی کمپنیوں نے اس سال بھی دیدہ زیب اور خوبصورت نسخے مارکیٹ میں متعارف کرادیے ہیں جن میں آرٹ پیپر پر چھپے ہوئے رنگین اور آفسیٹ پیپر پر چھپے ہوئے قرآن پاک اور تفاسیر شامل ہیں جبکہ مقامی سطح پر تیار کردہ الیکٹرانک قرآن بھی مارکیٹ میں آگیا ہے، دیدہ زیب قرآن پاک کی طلب میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے جبکہ اسلامی کتب، تسبیح اور مسواک وغیرہ کی فروخت میں تیزی آگئی ہے۔
قرآن پاک ہدیہ کرنے والوں کے مطابق ہر سال رمضان میں قرآن پاک کی طلب میں تین سے چار گنا اضافہ ہوجاتا ہے قرآت کے علاوہ قرآن کی تفہیم کے لیے بھی بڑے پیمانے پر قرآن کی طلب بڑھ جاتی ہے اور اس موقع پر بعض پبلشرز غیر معیاری کاغذات استعمال کرنے لگ جاتے ہیں۔ مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے قرآن ہدیہ اور سپاروں کے سیٹ مساجد میں بطور تحفہ دینے کے رجحان میں اضافہ ہوجاتا ہے، مارکیٹ ذرائع کے مطابق ماہ رمضان المبارک سے قبل ہی انفرادی نوعیت کے طلبگاروں کی جانب سے قرآن پاک کے نسخوں کی طلب بڑھ گئی ہے۔
یہ وہ طلبگار ہیں جو اپنے والدین، رشتے داراور دیگر احباب کے ایصال ثواب کیلیے قرآن پاک ہدیہ کرکے مساجد اور مدارس میں عطیہ کرتے ہیں ، رمضان کے دوران انفرادی نوعیت کے طلبگاروں کی جانب سے یک رنگہ لیمی نیٹڈ 15 اور16 سطروں پر مشتمل صفحات جو ترجمے کے بغیر ہوتے ہیں کی ڈیمانڈ زیادہ رہی ہے۔
قرآنی نسخوں کا ہدیہ 80 روپے سے لیکر 1500 تک بتایا جاتا ہے ۔