ایکنا: مصر کی نیشنل میڈیا اتھارٹی نے گزشتہ 90 برس کے دوران الازہر کے ائمہ کی تقاریر اور خطبات پر مشتمل نئے پروگرام «امام اعظم» کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
ایکنا نیوز- مصراوی نیوز کے مطابق مصر کی نیشنل میڈیا اتھارٹی کے چیئرمین احمد مسلمانی نے مصر کے ریڈیو قرآن کی لہروں پر ’’امام اعظم‘‘ کے عنوان سے ایک نئے پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام میں گزشتہ تقریباً 90 برس کے دوران الازہر کے شیوخ اور ائمہ کی جانب سے کی جانے والی تقاریر اور خطبات پیش کیے جائیں گے۔
یہ پروگرام الازہر کی سربراہی کے دور کو شیخ محمد مصطفی المراغی سے لے کر الازہر کے موجودہ امام احمد الطیب تک محیط ہوگا۔
مصر ریڈیو کے سربراہ عبدالرحمن بسیونی نے اس حوالے سے کہا کہ یہ پروگرام ان شیوخِ الازہر کی تقاریر پر توجہ مرکوز کرے گا جنہوں نے 20ویں اور 21ویں صدی کے دوران یہ منصب سنبھالا۔
دوسری جانب مصر کے ریڈیو قرآن نیٹ ورک کے سربراہ اسماعیل دویدار نے بتایا کہ اس ریڈیو کے پاس ان ممتاز شیوخ کی تقاریر کا ایک وسیع ذخیرہ موجود ہے، جن میں سے بعض ریکارڈنگز اس ریڈیو اسٹیشن کے باضابطہ قیام سے پہلے اور بعض اس کے بعد ریکارڈ کی گئی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریڈیو نے اسلامی ورثے اور نایاب ریکارڈنگز کے جمع کنندگان سے بھی رابطہ کیا ہے اور ان سے دریافت کیا ہے کہ آیا ان کے پاس نجی نشریات کے دور کی کوئی ریکارڈنگ موجود ہے، تاکہ ممکن ہونے کی صورت میں انہیں بھی پروگرام میں شامل کیا جا سکے۔
ریڈیو کے آرکائیو میں الازہر کے ممتاز ائمہ کی تقریباً 600 ریکارڈ شدہ تقاریر موجود ہیں۔ ان میں احمد الطیب، شیخ الازہر کی 180 تقاریر، شیخ جاد الحق علی جاد الحق کی 99 تقاریر، شیخ محمد سید طنطاوی کی 92 تقاریر، شیخ محمود شلتوت کی 90 تقاریر، شیخ عبدالحلیم محمود کی 64 تقاریر، شیخ حسن مأمون کی 38 تقاریر، شیخ عبدالرحمن البیصار کی 20 تقاریر اور شیخ محمد مصطفی المراغی کی دو تقاریر شامل ہیں۔
شیخ محمد مصطفی المراغی کی یہ دو تقاریر 92 سال سے بھی زیادہ عرصہ قبل ریڈیو کی نجی نشریات کے دور میں ریکارڈ کی گئی تھیں۔/
4369976