دنیائے انسانیت کا روشن چراغ بجھ گیا، عبدالستار ایدھی ہم میں نہ رہے

IQNA

دنیائے انسانیت کا روشن چراغ بجھ گیا، عبدالستار ایدھی ہم میں نہ رہے

18:36 - July 09, 2016
خبر کا کوڈ: 3501117
بین الاقوامی گروپ:ٹوئٹر پر ’’سلام ایدھی‘‘ کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا/فخر پاکستان عبدالستار ایدھی سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
دنیائے انسانیت کا روشن چراغ بجھ گیا، عبدالستار ایدھی ہم میں نہ رہے

 ایکنانیوز- پاکستانی میڈیا کےمطابق ممتاز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی گزشتہ کئی روز سے سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) میں زیرعلاج تھے جہاں دوران علاج وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ عبدالستار ایدھی کے گردے ناکارہ ہوچکے تھے جنہیں ڈائلسز کے دوران سانس کی تکلیف کے باعث وینٹی لیٹر پرمنتقل کیا گیا جہاں 6 گھنٹے کے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔

عبدالستارایدھی کی میت کو پہلے سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے سے میٹھادر میں ان کی رہائش گاہ منتقل کیا گیا جہاں ان کے اہل خانہ نے ایدھی صاحب کا آخری دیدار کیا جس کے بعد قومی ہیرو کے جسد خاکی کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر وی آئی پی پروٹوکول میں لیاری ایکسپریس وے کے ذریعے نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا گیا۔ عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ظہر کی نماز کے بعد ادا کی گئی جس کے بعد انہیں پاک فوج کی جانب سے 19 توپوں کی سلامی پیش کی گئی، عبدالستار ایدھی کے جسد خاکی کو مکمل سرکاری پروٹوکول میں ایدھی ولیج منتقل کیا گیا جہاں مسلح افواج کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور پھر ان کی وصیت کے مطابق انہیں اسی قبر میں سپرد خاک کیا گیا جو انہوں نے 25 برس قبل اپنے لیے خود تیار کی تھی۔

عبدالستار ایدھی کی تدفین کے بعد صدر مملکت صدر ممنون حسین، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ذکاء اللہ اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

دکھی انسانیت کے مسیحا اور معروف سماجی کارکن عبدالستارایدھی کی وفات پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے درد مند افراد غمگین دکھائی دیتے ہیں اور ٹوئٹر پر ایدھی صاحب کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انسانیت کے مسیحا کی وفات پر اظہار افسوس کے ساتھ انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے اور سلام ایدھی کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔


نظرات بینندگان
captcha