
ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں مجموعی قومی سلامتی اور نیشنل ایکشن پلان کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ملک میں امن و امان کے قیام کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز کے کردار کو سراہا اور کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی ان گنت قربانیوں کی وجہ سے دہشت گرد اور شدت پسند عناصر پسپا ہوکر ملک سے فرار ہونے پر مجبور ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شدت پسندی ایک عالمی خطرہ ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پہلی صف میں موجود پاکستان کئی سالوں سے دہشت گردی کا شکار ہے، ان کا کہنا تھا کہ سماجی اوراقتصادی طور پر جتنا نقصان پاکستان کو پہنچا ہے، دنیا میں کسی اور ملک کو نہیں پہنچا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ دنیا نے تسلیم کرلیا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کی وجہ سے پاکستان میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت مؤثر انٹیلی جنس معلومات کے ذریعے صوبوں کی مدد کرے گی۔
وزیراعظم نے ملک کو ہر نسل اور مذہب کے لیے محفوظ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک درست راستے پر جا رہا ہے اور اب ہر شہری امن، استحکام اور خوشحالی سے مستفید ہوگا۔
اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، ڈی جی انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) آفتاب سلطان اور دیگر حکومتی عہدیداران نے شرکت کی۔