چینی مسلمان کی سائیکل پرحج کے لیے حجاز مقدس آمد

IQNA

چینی مسلمان کی سائیکل پرحج کے لیے حجاز مقدس آمد

9:02 - August 22, 2016
خبر کا کوڈ: 3501407
بین الاقوامی گروپ:ماپاؤچین نے سائیکل پر اپنے ملک سے سفر شروع کیا۔ جہاں سے وہ پاکستان میں داخل ہوئے۔ اس کے بعد افغانستان، پھرایران اور عراق سے ہوتے ہوئے سعودی عرب پہنچے ہیں

ایکنا نیوز- طائف(ڈیلی آزادنیوزڈیسک)ویسے تو ہرسال ہزاروں مسلمان دنیا کے کونے کونے سے فریضہ حج کی ادائی کے لیے حجاز مقدس پہنچتے ہیں مگربعض عازمین حج اپنے سفر کی انفرادیت کی وجہ سے عالمی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔ایسے ہی ایک مسلمان کا تعلق چین سے ہے جو سائیکل پر ہزاروں کلو میٹر کا سفرطے کرکے حج بیت اللہ کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ عرب خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ نے چین کے اس منفرد عازم حج محمد ما پاؤچین کے سفر کو غیرمعمولی کوریج دی ہے۔ پاؤچین نے تین ماہ قبل حج کے سفر کا آغاز چین کے علاقے شین جینگ سے کیا۔ موسمی تغیریات اور سفری صعوبتوں کو برداشت کرتے ہوئے وہ آخر کا اپنی منزل مقصود پر پہنچ گیا ہے۔

ماپاؤچین نے سائیکل پر اپنے ملک سے سفر شروع کیا۔ جہاں سے وہ پاکستان میں داخل ہوئے۔ اس کے بعد افغانستان، پھرایران اور عراق سے ہوتے ہوئے سعودی عرب پہنچے ہیں۔ ماپاؤچین کا کہنا ہے کہ چین سے پاکستان منتقلی کے بعد اس نے سعودی عرب کا ویزہ حاصل کیا کیونکہ ان کے پاس حج کا ویزہ نہیں تھا۔ حج کا ویزہ حاصل کرنے کے بعد اس نے سائیکل پر سفر شروع کیا، بحرین میں شاہ فہد پل عبور کرکے وہ دمام پہنچے جہاں سے ریاض، وہاں سے طائف اور پھر مکہ مکرمہ تک کل 8 ہزار 150 کلو میٹر کا سفر حج سائیکل پرطے کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ طائف پہنچنے پر چینی عازم حج کا مقامی شہریوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ چینی مسلمان کا کہنا ہے کہ سائیکل پر اس کا طویل سفر کئی حوالوں سے یادگار رہے گا۔ اس نے راستے میں آتے ہوئے قدرتی حسن کے نظارے دیکھے مگر سعودی عرب کے تاریخی مقامات کی زیارت سے حاصل ہونے والا روحانی سکون ہمیشہ یادرہے گا۔ خیال رہے کہ چین میں مسلمان آبادی کی تعداد 26 ملین سے زائد ہے مگر ان میں سے صرف چند ہزار مسلمانوں کو ہرسال فریضہ حج کی ادائی کے لیے حجاز مقدس کے سفر کی اجازت دی جاتی ہے۔

نظرات بینندگان
captcha