ایکنا نیوز- دنیا نیوز کے مطابق فیس بک کے شریک بانی اور سی ای او مارک زکر برگ نے نظریہ الحاد سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے زندگی میں مذہب کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے 25 دسمبر کو مسیحیوں کی عید کے موقع پر اپنے فالورز کو میری کرسمس اور ہیپی ہنوکا کا پیغام بھی دیا ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیس بک پر مارک زکر برگ کی کرسمس مبارکباد کے بعد ایک صارف نے ان سے پوچھا کہ آپ ملحد نہیں ہیں؟ جس کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نہیں وہ ایک دور تھا جو گزر چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ میں ایک یہودی خاندان میں پلا بڑھا، اس کے بعد جب بڑا ہوا تو میں نے چیزوں کے بارے میں سوالات اٹھانا شروع کر دیے ، تاہم اب میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ مذہب کی انسانی زندگی میں اشد ضرورت ہے ۔
قبل ازیں انہوں نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ویٹی کن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سے ملاقات کی۔ بعد ازاں ایک بیان میں زکر برگ نے تسلیم کیا کہ وہ پوپ کی ہمدردی سے بے پناہ متاثر ہوئے ہیں ۔ یاد رہے کہ مارک زکربرگ نے اس سے قبل بدھ مذہب میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ فیس بک پوسٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ وہ مذہب کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں۔