ایکنا نیوز- شفقنا- مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور ’’حجت الاسلام سید حسن رضا ہمدانی‘‘ نے کہا کہ ریاست اس بات کا اعتراف کرے کہ داعش دہشتگرد پاکستان میں سر گرم ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاراچنارکے مظلوم عوام کو حب الوطنی کی سزا دی جا رہی ہے کیونکہ نا اہل حکمرانوں نے بیلنس پالیسی کے نام پر نیشنل ایکشن پلان کو متنازعہ بنا کر دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو منظم ہونے کا موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کے خلاف ہم نے سب سے پہلے آواز بلند کی کہ اس ناسور کے خلاف آ ہنی ہاتھوں سے نمٹے بغیر ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں لیکن طالبان کے سیاسی سرپرستوں نے مذاکرات کے نام پر ان سفاک درندوں کے ہاتھوں مزید سینکڑوں پاکستانیوں کے قتل عام کا موقع دیا ہے اور آج ہم میڈیا کے با شعور محب وطن نمائندوں کو گواہ بنا کر اعلان کر رہے ہیں کہ داعش نے ملک میں اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں اورپاراچنار کا واقعہ داعشی درندوں کا شاخسانہ ہے ۔
موصوف سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اسلام آباد میں ایوان اقتدار کی ناک کے نیچے داعش کو پکارنے والوں کے خلاف حکمرانوں اور اداروں کی خاموشی ہر پاکستانی کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور بقا کو اگر مقدم رکھنا ہے تو اس سوچ کے حامل مٹھی بھر تکفیری گروہ اور ان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کرنا ہوگا۔
حجت الاسلام حسن رضاہمدانی نے پاراچنار کے عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے والوں کو اس المناک حادثے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرم ایجنسی میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کے بجائے عوام کو ہراساں کرنے کا عمل بند کیا جائے۔