ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے لاہور میں تباہی کا بڑا منصوبہ بنا رکھا تھا۔
سی ٹی ڈی پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شیخوپورہ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر نارنگ کے نزدیک کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور جماعت الاحرار کے دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
ترجمان کے مطابق بدھ (19 اپریل) کی شب ساڑھے 11 بجے سی ٹی ڈی کی ٹیم دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی میں کامیاب ہوئی اور انہیں ہتھیار ڈالنے کے لیے چیلنج کیا جس کے بعد دہشت گردوں نے فائرنگ کا آغاز کردیا۔
ترجمان کے مطابق ’سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی، تاہم دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 سی ٹی ڈی اہلکار زخمی ہوگئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ 'مقابلے کے دوران 8 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے، جبکہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 3 سے چار دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے‘۔
ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی شناخت اور فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے 3 کلو بارودی مواد، پرائماکورڈ، 3 کلاشنکوف رائفلز اور 5 پستول برآمد ہوئیں۔