ایکنا نیوز- عراقی خبر رساں ایجنسی نون کے حوالے سے عراق کی وزارتِ تعلیم کے میڈیا آفس نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ہائی اسکول کی طالبہ زینب نے صرف 43 دن میں مکمل قرآن کریم حفظ کرکے ایک قابلِ تحسین کارنامہ انجام دیا ہے۔
بیان کے مطابق عراق کے وزیرِ تعلیم عبدالکریم عبطان الجبوری نے اس کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے عراقی طلبہ کے عزم، نظم و ضبط اور وقت کے بہترین استعمال کی روشن مثال قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام ان طلبہ پر فخر کرتا ہے جو علم کے حصول کو اعلیٰ اخلاقی اور دینی اقدار کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہیں۔
زینب عراق کے خدیجہ گرلز ہائی اسکول کی طالبہ ہیں، جنہیں اسکول سے خصوصی رخصت لے کر ایک جامع اور فشردہ حفظ پروگرام کے ذریعے صرف 43 دن میں مکمل قرآن کریم حفظ کرنے پر اعزاز سے نوازا گیا۔
وزارتِ تعلیم کے میڈیا آفس کے مطابق، نینوا کے محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل محمد ابراہیم عبودی نے زینب کا خیرمقدم کیا اور ان کی شاندار کامیابی کے اعتراف میں انہیں نقد انعام بھی پیش کیا۔
نینوا کے محکمہ تعلیم نے خدیجہ گرلز ہائی اسکول کو بھی ممتاز طلبہ کی تربیت میں مؤثر کردار ادا کرنے پر تعریفی سند سے نوازا۔/
4368141