ایکنا نیوز-ڈیلی پاکستان کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کے مطابق چاروں دہشتگردوں لطیف الرحمان،اسحاق،محمد عادل اور برکت علی کو فوجی عدالتوں کی طرف سے سزا سنائی گئی تھی۔پھانسی پانے والے دہشتگرد وں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا جبکہ وہ معصوم شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔دہشتگردوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ دہشت گردوں کی تفصیلات کے مطابق پھانسی کی سزا پانے والا دہشت گرد برکت علی ولد عبد الغفار کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا فعال رکن تھا، وہ شہری کے قتل کے ساتھ ساتھ اسلحہ اور بارودی مواد برآمد رکھنے میں ملوث تھا۔تختہ دار پر لٹکنے والا کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دوسرا مجرم محمد عادل ولد محمد اکبر جان فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں کے اغواء اور قتل میں ملوث تھا جبکہ ایک پولیس تھانے کو بھی تباہ کرچکا تھا۔اس دہشت گرد نے بھی اسلحہ اور بارودی مواد رکھنے والے کے جرم کے ساتھ اپنے تمام جرائم کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف کر رکھا تھا۔موت کے پھندے کے ساتھ لٹکنے والے کالعدم تنظیم کا تیسرا دہشت گرد اسحٰق ولد عبدالحئی پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے میں ملوث تھا، ان حملوں کے نتیجے میں ایک کمیشنڈ آفیسر شہید جبکہ پولیس کانسٹیبل زخمی ہوا تھا ۔موت کا حقدار ٹھہرایا جانے والا کالعدم ٹی ٹی پی کا چوتھا دہشت گرد لطیف الرحمٰن ولد سیف الرحمٰن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے اغواء، قتل اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا۔ان حملوں میں کئی فوجی شہید بھی ہوئے تھے ،یہ دہشتگرد بھی مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کرچکا تھا۔