ایکنا نیوز- ڈیلی پاکستان کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے رمضان المبارک کی نشریات کے حوالے سے ٹی وی چینلز کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔ پیمرا ہیڈکواٹرز سے جاری تین صفحات پر مشتمل پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پرائیوٹ الیکٹرانک میڈیا رمضان المبارک کی مناسبت سے ایسے ٹی وی پروگرامات ترتیب دیتا آرہا ہے جن کا بنیادی مقصد اسلامی تعلیمات کی ترویج اور تشہیر کرنا ہوتا ہے.۔پچھلے کچھ برسوں سے ماہ رمضان میں نشر ہونے والی پروگرامات کی ریٹنگ میں اضافہ ہوا ہے، تاہم اس میں نشر ہونے والے مواد کی وجہ سے ناظرین اسے تنقید کا نشانہ بھی بناتے رہے ہیں۔اس سال ماہ رمضان سے پہلے پیمرا نے تمام ٹرانسمیشنز سے متعلق چند اہم ہدایات جاری کی ہیں. جن پر تمام ٹی وی چینلز کو عمل کرنا ضروری ہے۔
پیمرا کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق پروگرامات بنا کسی سکریپ کے یا ادارہ جاتی نگرانی کے محض زیادہ ریٹنگ یا مالی فوائد کے حصول کیلئے تشکیل نہ دیئے جائیں۔ تفریحی یا کوئز پروگرام نشر کرنے کی اجازت رات 9 بجے کے بعد ہو گی۔ دوران پروگرام انسانی حقوق اور شخصی وقار کا خیال رکھا جائے۔ پروگرام میں ڈانس، گانے، ورزش جیسے کام پر نہ اکسایا جائے۔ انعامات ہوا میں اچھالنے یا پھینک کر دینے پر ممانعت ہوگی۔ غیر اخلاقی بات چیت سے پرہیز کریں۔ مستند علم رکھنے والوں کو دین سے متعلق گفتگو کیلئے مدعو کیا جائے۔ پروگرام میں لاوارث بچوں کو بے اولاد افراد کے سپرد کرنے کی اجازت نہیں۔ غربت اور مجبوریوں کو پیش کر کے لوگوں کی عزت نفس کو مجروح نہ کیا جائے. پروگرام میں ملبوسات کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ رمضان ٹرانسمیشن اور معمول کی ٹرانسمیشن میں فرق ہونا چاہیے۔ رمضان شوز میں پر تشدد مناظر پیش کرنا منع ہو گا۔ ایسے موضوعات پر بات چیت سے اجتناب کیا جائے جس سے فرقہ واریت کو فروغ ملے۔