ایکنا نیوز- ڈان نیوز- خبر رساں رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ ایک مقامی ٹرین میں رمضان المبارک کے پہلے دن پیش آیا۔
پورٹ لینڈ پولیس ڈپارٹمنٹ کے بیان کے مطابق واقعہ ہولی وڈ ٹرانزٹ اسٹیشن پر میکس ٹرین میں شام ساڑھے 4 کے قریب پیش آیا، جب ٹرین میں سوار ایک شخص نے 2 خواتین پر، جو حلیے سے مسلمان نظر آرہی تھیں، نسل پرستانہ اور مذہبی فقرے کسنا شروع کیے۔
پولیس کے مطابق خواتین پر جملے کسنے والے شخص کو 3 افراد نے روکنے کی کوشش کی، تاہم خنجر کے وار لگنے سے 2 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
واقعے کے بعد حملہ آور کو فوری طور پر گرفتار کرلیا گیا، جبکہ پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ سے قبل ہی خواتین بھی جائے وقوع سے چلی گئیں۔
عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ مذکورہ خواتین ممکنہ طور پر مسلمان تھیں، جن میں سے ایک نے حجاب لے رکھا تھا۔
پورٹ لینڈ پولیس کے ترجمان پیٹی سمپسن نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ 'جس وقت حملہ آور خواتین پر چلا رہا تھا، چند افراد نے مداخلت کی اور خواتین پر جملے کسنے والے شخص کو اس سے باز رکھنے کی کوشش کی، تاہم ملزم نے ان پر حملہ کردیا'۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ حملے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، دوسرے نے ہسپتال میں دم توڑا، جبکہ تیسرے شخص کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔