
ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی کے مطابق شہر میں گزشتہ ایک ماہ سے دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے باعث تین کارروائیاں کی گئیں۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ مچھر کالونی اور ایم اے جناح روڈ کے قریب کالعدم تحریک طالبان سے منسلک دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، 5 پستول اور ایک دیسی ساختہ بم بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے آغاخانی کمیونٹی کے جماعت خانوں، امام بارگاہوں اور مزاروں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ مچھرکالونی مقابلے میں 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک اور 4 گرفتار ہوئے جبکہ دہشت گردوں کے دو سیل بھی ناکارہ کردیے گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ تینوں مبینہ ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سوات گروپ سے ہے اور وہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار محمد خان کے علاوہ کورنگی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہیں۔