
ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گذشتہ رات شیخوپورہ سے آئے مشتبہ دہشت گردوں نے سگیاں پل پر موجود پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا، جس کی اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی ٹیم موقع پر پہنچی اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کی کارروائی میں ٹی ٹی پی کے 4 مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر ان کے دیگر 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی شناخت کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا ہدف پولیس اہلکار تھے، جن سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعے کی تفتیش اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے چھاپوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا۔
سی ٹی ڈی نے یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی ہے جب گذشتہ روز لاہور کے آؤٹ فال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 46 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل بھی پنجاب میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران خفیہ معلومات پر کی جانے والی کارروائیوں اور کومبنگ آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔