کربلا جانیوالے زائرین میں سے پاکستانی سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہیں، مظہر علوی

IQNA

کربلا جانیوالے زائرین میں سے پاکستانی سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہیں، مظہر علوی

14:34 - October 27, 2017
خبر کا کوڈ: 3503725
بین الاقوامی گروپ: علامہ مظہر علوی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے اپیل کی ہے کہ وفاقی حکومت مداخلت کرکے بائی روڈ جانیوالے قافلوں کیلئے سہولیات فراہم کرے

ایکنا -شفقنا- شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور مسئول شعبہ حج و زیارات علامہ الحاج مظہر عباس علوی نے حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم میں شرکت کیلئے کربلا جانیوالے زائرین کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قونصل خانوں میں لوگوں کے پاسپورٹ پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ حکومت بلوچستان زائرین کی بسوں کو تفتان لے جانے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، 600 بسوں کے قافلے مختلف علاقوں سے روانہ ہوچکے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے کربلا جانیوالے زائرین میں سے پاکستانی سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہیں، ویزا جاری کرنیوالے سفارتخانوں کے باہر ایجنٹس نے رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے، لاکھوں زائرین عراقی ویزہ حاصل کرچکے ہیں، لیکن ایرانی قونصلیٹ کے فرسودہ نظام کی وجہ سے ہزاروں زائرین کے پاسپورٹ پھنسے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ زائرین اربعین (چہلم امام مظلوم ؑ) پر نہیں پہنچ سکیں گے، لوگوں نے جو ائر ٹکٹس خرید رکھی ہیں، ان کے ضائع ہونے کا خدشہ ہے اور وہ کربلا اور نجف نہیں پہنچ سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری بڑی مصیب بائی روڈ جانیوالے پاکستانی زائرین کیلئے بلوچستان حکومت نے سکیورٹی کے نام پر پیدا کر رکھی ہے، ابھی تک صرف 140 بسوں کو جانے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ شعبہ حج و زیارات کے اعداد و شمار کے مطابق 600 بسوں پر قافلے روانہ ہوچکے ہیں، چونکہ 25000 زائرین کو ویزے جاری کئے جا چکے ہیں۔ علامہ مظہر علوی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے اپیل کی ہے کہ وفاقی حکومت مداخلت کرکے بائی روڈ جانیوالے قافلوں کیلئے سہولیات فراہم کرے، تاکہ وہ کربلا وقت پر پہنچ سکیں۔ انہوں نے ایرانی حکومت سے بھی اپیل کی ہے کہ زائرین کو ویزے جاری کرنے کے عمل کو تیز تر کیا جائے۔

نظرات بینندگان
captcha