
ایکنا نیوز- دنیا بھر میں چہلم سید الشہداء حضرت امام حسین آج منایا جارہا ہے۔ عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب با وفا کے چہلم کے لیے کروڑوں زایرین اور عزادار موجود ہیں۔ جس میں عراق، ایران، پاکستان، ہندوستان اور دنیا بھر سے آئے ہوئے عقیدت مند شامل ہیں جو انتہائی پرجوش اور منظم طریقے اور پرامن ماحول میں بارگاہ حسینی میں اشک و ماتم کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

کربلائے معلی میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب با وفا کے چہلم میں دنیا کے ساٹھ ملکوں کے لاکھوں عقیدت مند شریک ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت کربلائے معلی میں تین کروڑ کے لگ بھگ عزاداروں کا اجتماع ہے اور بارگاہ حسینی اور اس کے اطراف کی تمام شاہراہیں شمع حسینی کے پروانوں سے چھلک رہی ہیں جن میں تیس لاکھ کے قریب ایرانی زائرین بھی شریک ہیں۔
پاکستان، ہندوستان اور لبنان سمیت دنیا کے دیگر ملکوں سے بھی لاکھوں کی تعداد میں عزادار کربلائے معلی میں سید الشہدا کا چہلم منانے آئے ہیں۔ زائرین کی کثیر تعداد قدیم روایت کے تحت نجف اشرف اور عراق کے دیگر شہروں سے پیدل سفر کرکے کر بلائے معلی پہنچی ہے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور داعشی دہشت گردوں کی دھمکیوں اور دشمنان اہلبیت کی سازشوں کے باوجود شمع حسینی کے پروانوں کا یہ عظیم الشان اجتماع مکمل امن وامان کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی نے اربعین ملین مارچ اور چہلم امام حسین علیہ السلام کے پرشکوہ اجتماع کے انعقاد کی قدردانی کرتے ہوئے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کی بابت ملک کی مسلح افواج، پولیس اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کی جانفشانی اور قربانیوں کو سراہا ہے۔
عراقی حکام کے مطابق اربعین ملین مارچ اور چہلم امام حسین کے اجتماع کی حفاظت کے لیے پینتیس ہزار سیکورٹی اہلکاروں کو تعنیات کیا گیا ہے جو پوری تندہی کے ساتھ اپنے فرائض کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ چہلم امام حسین علیہ السلام کی مکمل سیکورٹی عراقی افواج کی توانائیوں اور صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جو بیک وقت ، داعشی دہشت گردوں کے خلاف بھی برسر پیکار ہیں۔
پاکستان میں بھی شہدائے کربلاکاچہلم آج ملک بھر میںعقیدت واحترام سےمنایاجارہاہے،اس موقع پر سیکورٹی کےسخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔
چہلم امام حسین کے موقع پر آج ملک بھر میں جلوس نکالے جارہے ہیں ۔امن و امان کے لئے کیے گئے اقدامات کے تحت سندھ،پشاور اور کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔جلوسوں کے راستوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔
حکومت سندھ نے چہلم پر صوبے بھر میں تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے ۔موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی آج رات 12بجے تک پابندی رہے گی۔بزرگ، بچے، خواتین، صحافی اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے افراد اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
راولپنڈی میں امام حسین کے چہلم کا امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے برآمد ہوگا۔ جلوس کے راستوں کو خاردار تاریں اور کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا۔ پولیس، ایلیٹ فورس اوررینجرز کے 5 ہزار سے زائد اہلکار جلوس کی سیکورٹی پرمامور ہوں گے۔

لاہورمیں چہلم حضرت امام حسین کا جلوس اندرون دہلی گیٹ حویلی الف شاہ سے برآمد ہوکر کربلا گامے شاہ پہنچ کراختتام پذیر ہوگا۔جلوس کے روٹ کو کنٹینر لگا کربند کردیا گیا ہےجبکہ جلوس میں داخل ہونے والوں کی مکمل چیکنگ کی جائے گی اور انہیں واک تھرو گیٹس سے گزارا جائےگا۔
ادھر سیکرٹری داخلہ بلوچستان کیپٹن(ر) اکبر حسین درانی کے مطابق چہلم امام حسین کے موقع پر کوئٹہ سمیت 7 اضلاع میں دفعہ 144نافذ رہے گی،کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔
پشاور میں چہلم امام حسین کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہے۔