
ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق بانی پاکستان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے ہیں اور تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ ملک بھر میں آج عام تعطیل بھی ہے۔
اس سلسلے میں کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستے نے پاک فضائیہ کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے موقع پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ میجر جنرل محمد علی مہمان خصوصی تھے، انہوں نے گارڈز کی تبدیلی کے بعد مہمانوں کی کتابوں میں اپنے خیالات بھی قلم بند کیے۔
مزار قائد پر پاکستان آرمی، نیوی اور فضائیہ کے دستے 4, چار مہینے کے لیے گارڈز کی ذمہ داری سنبھالتے ہیں، 23 مارچ کو نیول اکیڈمی کے کیڈیس پاکستان آرمی سے گارڈز کے فرائض سنبھالتے ہیں، 14 اگست کو پاکستان ایئر فورس اکیڈمی کے کیڈیس پاکستان نیوی سے یہ ذمہ داری لیتے ہیں جبکہ 25 دسمبر کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈیس پاکستان ایئر فورس سے گارڈز کی ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔
قائداعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور صوبے کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی لکھے۔
آج کے اس دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پیغامات بھی جاری کیے۔
صدر اور وزیراعظم نے اپنے پیغامات میں کہا کہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال نے ایک مرتبہ پھر عظیم قائد کے اس عزم کی توثیق کی ہے کہ انتہا پسند ہندو، مسلم اقلیت کو عزت اور وقار کے ساتھ جینے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
اپنے الگ پیغام میں ڈاکٹر عارف علوی نے قائد اعظم محمد علی جناح کو 'دور اندیش انسان' قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی ایک الگ شناخت، اہمیت اور سیاسی سمت کا تصور پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا 'ان کی شناسائی اور بصیرت کا جواز آج بھی بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں موجودہ حالات کے مشاہدے سے کیا جاسکتا ہے'۔
انہوں نے قوم سے 'متحد ہوکر کھڑے ہونے اور قائد اعظم کی تعلیمات پر اپنے اعتماد کا اعادہ کرنے' پر زور دیا۔
قائداعظم کے اصولوں پر عمل یقینی بنایا جائے، وزیراعظم
ادھر وزیر اعظم عمران خان نے قوم نام اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم کی یوم پیدائش پر قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 'آج پوری دنیا بھارتی آئین کے نام نہاد سیکولر ہونے کے دعوے کو دیکھ رہی ہے جہاں اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور (انہیں) ظالمانہ کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے'۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 'آج کے دن ہمیں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم لوگوں کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے جنہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی فسطائیت پسند نریندر مودی کی حکومت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سامنا ہے'۔