سعودی خواتین نے پہلی بار مرد حضرات کے ساتھ تاش کھیل کر تاریخ رقم کردی

IQNA

سعودی خواتین نے پہلی بار مرد حضرات کے ساتھ تاش کھیل کر تاریخ رقم کردی

10:59 - February 21, 2020
خبر کا کوڈ: 3507263
تہران [ایکنا]سعودی عرب میں پہلی بار خواتین نے غیر محرم مرد حضرات کے ساتھ تاش کھیل کر نہ صرف نئی تاریخ رقم کردی بلکہ حیران کن طور پر خواتین نے ابتدائی مراحل میں منجھے ہوئے مرد کھلاڑیوں کو شکست بھی دی۔

امت کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ تاش کے پتوں کے کھیل کی ٹورنامنٹ میں خواتین کو بھی شامل ہونےکی اجازت دی گئی ہے، اس سے قبل اس ٹورنامنٹ میں صرف مرد حضرات ہی حصہ لینے کے اہل تھے۔

تاش کے پتوں کا کھیل سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ممالک میں مقبول ہے اور خواتین گھروں میں بھی تاش کھیلتی دکھائی دیتی ہیں۔

زیادہ تر نوجوان خواتین اپنے والدین اور بھائیوں کے ساتھ بھی گھروں میں تاش کا کھیلتی رہی ہیں اور اسی وجہ سے سعودی عرب کے مرد حضرات کی طرح خواتین بھی اس کھیل کی ماہر بن چکی ہیں.

گزشتہ ماہ سعودی عرب کی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے تصدیق کی تھی کہ اس بار تاش ٹورنامنٹ میں پہلی بار خواتین کو بھی کھیلنے کی اجازت دی جائے گی اور اب اس ٹورنامنٹ میں درجنوں خواتین کھلاڑیوں نے تاش کے پتوں کے اعلیٰ کھیل کا مظاہرہ کرکے مرد حضرات کو بھی حیران کردیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ہر سال ہونے والی تاش چیمپیئن شپ میں اس بار خواتین کی تقریبا 2 درجن ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور خواتین کی ٹیمیں مرد حضرات کی ٹیموں سے بھی مقابلہ کر رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق خواتین کی متعدد ٹیموں نے ابتدائی مرحلے میں مرد حضرات کی ٹیموں کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائے بھی کرلیا تاہم کئی خواتین کی ٹیمیں ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں جگہ نہ بنا سکیں۔

مجموعی طور پر ٹورنامنٹ میں تاش کے 8 ہزار سے زائد مختلف کھیل پیش کیے جائیں گے اور ان کھیلوں میں کامیاب ہونے والی محض 4 ٹیموں کو بڑے انعامات سے نوازا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کے آخری مقابلوں میں پہنچنے والی چار ٹیموں میں مجموعی طور پر 20 لاکھ ریال کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 10 لاکھ ریال جب کہ دوسری پوزیشن لینے والی کو 5 لاکھ، تیسرے پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 3 لاکھ اور چوتھی پوزیشن لینے والی ٹیم کو 2 لاکھ ریال کے انعامات دیے جائیں گے۔

اسلامی دنیا کی سربراہی کے دعویدار قدامت پسند ملک میں جوے خانے اور اسرائیل دوستی کے اقدامات اسلامی دنیا کے لیے کیا ثمرات چھوڑ جائیں گے آنے والے دنوں میں واضح ہوگا۔۔

امت نیوز/

نظرات بینندگان
captcha