
حکومت کی نئی ہدایت کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے بعد برطانیہ سے پاکستان آنے والے مسافروں کی مشکلات ختم ہوجائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے تحت برطانیہ کو پابندی والے ملکوں کی فہرست سی کیٹگری سے نکال کر کیٹگری بی میں شامل کیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازوں اور چارٹرڈ فلائٹس کے لیے نئی ایس او پیز جاری کردی ہیں، نئی ایس او پیز میں کیٹگری سی میں شامل ملکوں کی نئی فہرست جاری کی گئی ہے،کیٹگری سی میں شامل ملکوں کے مسافر پاکستان کاسفر نہیں کرسکتے۔
کیٹگری سی میں جنوبی افریقا،کولمبیا، زمبابوے، گھانا سمیت 22 ملکوں کو شامل کیا گیا ہے۔
کیٹگری بی میں شامل ملکوں سے آنے والے مسافروں کو پاکستان آنے سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا اور اب برطانیہ کو بھی کیٹگری بی میں شامل کرلیا گیا ہے۔