کابل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے 2 طیارے پھنس گئے

IQNA

کابل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے 2 طیارے پھنس گئے

16:48 - August 15, 2021
خبر کا کوڈ: 3510029
کابل ایئرپورٹ پر امریکی طیاروں کی آمد کے باعث قومی ایئرلائن کے 2 طیارے کئی گھنٹوں تک وطن واپسی کے لیے اڑان بھرنے کا انتظار کرتے رہے۔

طالبان کے افغان دارالحکومت کابل میں داخلے کے بعد شہر میں موجود ہزاروں غیر ملکی ہنگامی بنیادوں پر ملک چھوڑ رہے ہیں، کابل سے امریکیوں کے محفوظ انخلا کے لیے 5 خصوصی طیارے کابل ایئرپورٹ پہنچے، جس کی وجہ سے ایئرپورٹ کو دیگر پروازوں کے لیے بند کردیا گیا اور کسی بھی طیارے کو اڑان بھرنے یا لینڈ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

 

ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکی طیاروں کی نقل و حرکت کے باعث کابل ایئرپورٹ پر قومی ایئر لائن پی آئی اے کے 2 مسافر طیارے بھی اڑان بھرنے کی اجازت کے منتظر رہے، ان طیاروں میں مجموعی طور پر 499 مسافر سوار تھے، جن میں عام شہریوں کے علاوہ پاکستانی سفارت خانے کا عملہ اور ان کے اہل خانہ سمیت دیگر سفارتخانے کے بھی بعض افراد شامل تھے۔

 

امریکی طیاروں کی آمد مکمل ہوتے ہی ایئرپورٹ کو دیگر پروازوں کے لیے فعال کردیا گیا۔ پی آئی اے کا ایک طیارہ وطن واپسی کے لیے روانہ ہوا جب کہ اب بھی ایک طیارہ پرواز کے لیے کلیئرنس ملنے کا منتظر ہے۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے کہا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر دونوں طیارے پرواز کے لئے مکمل تیار تھے لیکن مخصوص فوجی نقل و حمل کے باعث پروازوں کی اجازت روک دی گئی تھی لیکن اب جہاز کو پرواز کی اجازت مل گئی ہے۔

دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ نے پاکستانیوں اور غیرملکیوں کے افغانستان سے انخلاء کے لیے 5 پروازیں چلانے کا آپریشن ترتیب دے دیا ہے، افغانستان بھیجے جانے والے طیاروں میں 400اور 300سیٹر ٹرپل سیون جبکہ 170 سیٹر ائربس تھری ٹوینٹی شامل ہیں۔

نظرات بینندگان
captcha