بہاولنگر، دستی بم حملے میں 3 عزادار شہید اور50 زخمی ہوگئے

IQNA

بہاولنگر، دستی بم حملے میں 3 عزادار شہید اور50 زخمی ہوگئے

9:31 - August 20, 2021
خبر کا کوڈ: 3510055
تہران(ایکنا) مقامی مسجد کے اندر سے دستی بم پھینکنے والے مسجد کے امام کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایکنا نیوز کی رپورٹ کے مطابق بہاولنگر کے علاقے مہاجر کالونی کی جامعہ مسجد کے قریب سے گزرنے والے جلوس پر دستی بم پھینکا گیا جہاں موقع پر حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

 

راجا بشارت نے کہا کہ دھماکے کے تمام زخمیوں کو شہر کے وکٹوریا ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ دھماکا صبح 10 بجے ہوا، رینجرز کو علاقے میں تعینات کردیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات کی جاری ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر سربراہی سیف سٹی اتھارٹی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا اور وزیر اعلیٰ نے محکمہ انسداد دہشت گردی کو آپریشن اور تحقیقات مکمل کرنے کے بعد واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

 

پاکستان علما کونسل نے جلوس پر کریکر حملے کی شدید الفظ میں مذمت کی ہے جہاں کونسل کے صدر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے ٹوئٹر پر واقعہ کو سازش قرار دیا ہے۔

کونسل نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلام اور پاکستان دشمن عناصر انتشار پیدا کرنے کے لیے پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی پھیلانا چاہتے ہیں جسے قوم نے پہلے بھی ناکام بنایا ہے اور اب بھی ناکام بنائیں گے۔

 

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بھی بہاولنگر میں کریکر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر محرم الحرام کے دوران فساد پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

 

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں اور سماج دشمن عناصر کی ملک دشمن سازشوں کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

 دیگر شیعہ تنظیموں نے بھی ملوث افراد کو گرفتار اور سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

قبل ازیں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں جائے وقوع پر پولیس اور امدادی کارکنان کو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

 

مذکورہ ویڈیو میں متعدد زخمی افراد کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جو مدد کے لیے پُکار رہے ہیں۔

نظرات بینندگان
captcha