
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسجدالحرام میں سماجی فاصلے کی شرط ختم کردی گئی ہے تاہم ماسک پہننے، عمرہ اور نماز کی ادائیگی کے لیے توکلنا اور اتمارنا اپلیکیشنز کے ذریعے وقت لینا ضروری ہے تاکہ دونوں مساجد میں داخلے کے موقع پر ان کے نظام مدافعت کی تصدیق کی جائے۔
رپورٹ کے مطابق اب ان دونوں ایپلی کیشنز کی سروسز کی توسیع غیرملکی عازمین کے لیے بھی کی گئی ہے، جو اپنا عمرہ سفر اور دونوں مساجد میں جانے کے لیے وقت مذکورہ ایپس کا استعمال کرتے ہوئے کرسکتے ہیں۔
عرب نیوز نے رپورٹ میں بتایا کہ یہ سروس سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفشل انٹیلی جنس اتھارٹی کے تعاون سے شروع کی ہے۔
سعودی وزارت کا کہنا تھا کہ پرمٹ کے لیے درخواست دینے والے عازمین پہلے خود کو قدوم پلیٹ فارم میں رجسٹر کروانا ہوگا، مسافروں کو سعودی عرب پہنچنے سے پہلے اپنے موبائل میں اتمارنا اور توکلنا ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے کو کہا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 16 اکتوبر کو سعودی وزارت داخلہ نے ملک بھر میں کورونا کے باعث عائد کی گئیں بندشوں میں نرمی کا اعلان کیا تھا، جس میں مسجدالحرام اور مسجد نبوی کو عام شہریوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ بھی شامل تھا۔
کورونا وائرس نے جہاں پوری دنیا میں تباہی مچائی وہی مسلمان دوسرے برس بھی عمرہ اور حج کی ادائیگی سے بڑے پیمانے پر محروم رہے تھے اور اس سے سعودی عرب کی حکومت کو سرمایے میں بڑا نقصان ہوا تھا۔
سعودی عرب کو حج اور عمرے کے لیے آنے والے عازمین سے سالانہ 12 ارب ڈالر سرمایہ حاصل ہوتا ہے۔