ایکنا نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے ناپاک عزائم اور جارحیت کیخلاف تحریک بیداری امت مصطفی کی مردہ باد امریکہ و اسرائیل ریلی مال روڈ پر مسجد شہداء سے پنجاب اسمبلی تک نکالی گئی جس کی قیادت علامہ سید جواد نقوی نے کی۔جبکہ دیگر شرکاء میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ، پیر ہارون علی گیلانی ، پیر غلام رسول اویسی ، علامہ غلام اصغر صدیقی ، علامہ عاصم مخدوم بھی شامل تھے۔ ریلی سے خطاب میں تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ بین الاقوامی تخفیف اسلحہ کی اصولی پالیسی کے دائرے میں رہتے ہوئے ایران کو جوہری توانائی کے پرامن استعمال کا مساوی حق حاصل ہے ۔اور وہ تمام انسانی معیارات کے تحت ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دنیا کے آئیڈیل کو آگے بڑھانے کا عزم رکھتا ہے۔ اس کے برعکس امریکہ جو مشترکہ ایٹمی معاہدے کا حصہ بھی نہیں ہے اور اسکا اپنا ماضی غیر انسانی اور شرمناک ایٹمی حملے سے داغدار ہے وہ کس حیثیت میں ایران پر پابندیاں لگانے اسکے ایٹمی پروگرام کو محدود کرنے کی بات کر رہا ہے۔

مقررین نے واضح الفاظ میں خبردار کیا کہ امت مسلمہ برادر اسلامی ملک پر اسرائیلی حملے کو برداشت نہیں کرے گی اور ہر پیرو مکتب نواسہ رسول اس کے خلاف کھڑا ہوگا۔
مقررین نے اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کیا کہ ایران- پاکستان کے خلاف سازشوں کو ملکر مقابلہ کرے اور اس حوالے سے اقدامات کیے جائیں۔
قابل ذکر ہے کہ دیگر مقامات سے بھی اسرائیل مخالف ریلیوں کی اطلاعات ہیں۔/

