آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ اس تقریب میں اردو زبان زائرین نے بڑے پیمانے پر شرکت کی جس میں آسٹریلیا،پاکستان، ہندوستان اور عرب ممالک میں مقیم اردو زبان زائرین کے علاوہ قم اور مشہد مقدس میں مقیم علماء اور طلاب بھی کثیر تعداد میں شامل تھے، تقریب نکاح میں دولہوں اور دلہنوں کے رشتے داروں اور عزیزوں کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے آسڑیلیا میں مقیم دو جوان لڑکوں کی شادی بمبئی سے آئی دو جوان لڑکیوں کے ساتھ انجام پائی۔
آسٹریلیا سے تشریف لانے والے دوجوانوں لڑکوں کی شادی کی تقریب کا آغاز مشہد مقدس میں واقع ہوٹل بشریٰ سے ہوا ، بارات کی شکل میں زائرین و مجاورین دولہوں اوردلہنوں کو لے کر حرم امام رضا(ع) کےداخلی دروازے باب الجواد(ع) پر پہنچے ، حرم رضوی پہنچنے پر شادی تقریب کے شرکاء نے حرم رضوی کے رواق غدیر میں باجماعت نماز ظہرین ادا کی جس کے بعدعقد نکاح کے لئے تمام افراد رواق دارالرحمہ تشریف لے گئے۔
تقریب عقد نکاح کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام اللہ المجید اور منقبت اہلبیت(ع) سے ہوا جس کے بعد آیت اللہ راشد یزدی اور آسٹریلیوی علماء کونسل کے سربراہ مولانا سید ابوالقاسم رضوی نے دونوں جانب سے عقد نکاح کے صیغے جاری کئے۔
عقد نکاح کی یہ معنوی و روحانی تقریب حرم امام رضا(ع) کے ادارہ غیرملکی زائرین اور میڈیا سینٹر کے تعاون سے انجام پائی،پروگرام کونہایت شاندار انداز میں منعقد کرانے پر دلہا اور دلہن کے عزیزوں اور رشتے داروں نے حرم مطہر رضوی کی انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
تقریب عقد نکاح کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں نے مشہد مقدس کے ہوٹل مدینۃ الرضا میں تقریب ولیمہ میں بھی شرکت فرمائی۔
آیت اللہ راشد یزدی نے پاکستان و ہندوستان کے شیعیان اہلبیت(ع) کے ہاں شادی کی تقریبات نہایت سادگی اور معنوی ماحول میں انجام پانے کو بہت زیادہ سراہا اور تمام اردو زبان زائرین بالخصوص دولہوں اور دلہنوں کو مبارک باد پیش کی اور ان کی کامیابی و ترقی کے لئے دعا فرمائی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حرم امام رضا(ع) کی انتظامیہ کے تعاون سے اس طرح کی اجتماعی شادی تقریب کا دارالرحمہ میں اہتمام پہلی بار کیا گیا تھا جسے وہاں موجود زائرین و مجاورین نے بہت زیادہ پسند کیا اس کے علاوہ شادی کی تقریب کے دوران حرم رضوی میں موجود ایرانی زائرین نے بھی اسے بہت زیادہ دلچسپی سے دیکھا اور انہیں اردو زبان زائرین کی جانب سے شادی کی رسومات کا معنوی انداز بہت زیادہ پسند آیا۔