
ایکنا- الکفیل نیوز کی رپورٹ کے مطابق روضہ حضرت عباس علیہ السلام سے وابستہ نجف میں خواتین کے قرآنی ادارے کے زیر انتظام خواتین کے حفظ قرآن مقابلے کا پانچواں دور منعقد ہو رہا ہے۔ یہ مقابلہ 14 اکتوبر سے شروع ہوا ہے۔
اس ادارے کے ذمہ دار منار الجبوری نے کہا کہ اس مقابلے میں مختلف صوبوں سے مشہور شخصیتوں کی شرکت کے علاوہ حافظ قرآن خواتین بھی شرکت کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا یہ مقابلے قرآن کریم کی تلاوت سے شروع ہوئے اور اس کے بعد ججز کی کمیٹی کے ارکان نے مقابلوں کے قواعد و ضوابط کا اعلان کیا پھر حفظ قرآن کے شعبہ میں مختلف حافظوں نے مقابلوں میں شرکت کی۔
الجبوری کے بقول یہ مقابلہ قرآن کی ان ممتاز شخصیات کے درمیان ہے جنہوں نے اس سے پہلے الفرقان کے مقدماتی مقابلوں میں شرکت کرکے اچھی پوزیشن حاصل کی تھی۔
مقابلوں کا یہ سلسلہ دو دن تک جاری رہے گا اور منتخب ہونے والے افراد کے نام کا اعلان آخری تقریب میں کیا جائے گا۔ یہ آخری تقریب نجف میں خواتین کے قرآنی ادارے کی جانب سے منعقد ہوگی۔
روضہ مقدسہ حضرت عباس علیہ السلام اور اس سے وابستہ دیگر اداروں نے آخری چند برسوں میں وسیع قرآنی فعالیتوں کا آغاز کر رکھا ہے۔ اس درمیان خواتین سے متعلق قرآنی فعالیتیں ایک اہم مقام رکھتی ہیں۔ نجف میں خواتین کا قرآن ادارہ، قرآنی فعال اداروں کے درمیان ایک اہم ادارہ ہے، اسی وجہ سے وہ قرآنی تعلیمات کے مختلف کورس کرواتا ہے اور طرح طرح کے قرآنی مقابلے منعقد کرتا ہے جس سے عراقی خواتین کے درمیان قرآنی علوم و معارف رواج پاتے ہیں۔ اس کے علاوہ قرآنی فعالیتوں کے لئے مختلف وسائل مخصوص کرنا جیسے آمدورفت کے لئے نقل و حمل کی سہولتیں اور اسی طرح آن لائن قرآنی مختلف کلاسیں منعقد کرنا اس ادارے کی دوسری اہم سرگرمیاں ہیں۔