ایکنا نیوز، سومریہ نیوز کے مطابق، عراقی محکمہ عمومی فنون نے اسلامی فنون کے ادارے "ابن بواب" کے ساتھ مل کر "خوشنویسی قرآنی" کے عنوان سے ایک نمائش کا انعقاد کیا ہے، جس میں عراق کے مختلف صوبوں سے 30 خوشنویسوں نے قرآنی صفحات کو عراقی طرز میں تحریر کرنے کے لیے شرکت کی ہے۔
عراق کے وزیر ثقافت و سیاحت احمد فکاک البدرانی نے ایک تقریر کے دوران عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی کی جانب سے عربی خوشنویسی کے انسائیکلوپیڈیا کی تدوین کی تجویز پر ان کا شکریہ ادا کیا، جسے جلد ہی اسلامی تعلیم، سائنس اور ثقافت کی تنظیم (آئسسکو) کے تحت متعارف کروایا جائے گا۔
انہوں نے عراق کی شیعہ اور سنی وقف تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ قرآن کی کتابت کے منصوبوں کو چاہے محدود تعداد میں ہی سہی، شائع کریں تاکہ انہیں ادواری نمائشوں میں پیش کیا جا سکے۔
عراقی محکمہ عمومی فنون کے ڈائریکٹر قاسم محسن نے کہا کہ یہ نمائش خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس میں خوشنویسی قرآن کو اہمیت دی گئی ہے، جو کہ ایک نمایاں گروپ کے ہاتھوں سے انجام دی جا رہی ہے، جن کے انگلیاں قرآن کی آیات کی کتابت سے مزین ہو چکی ہیں۔ خوشنویسی قرآن عراق کے تمام لوگوں کے لیے ایک عظیم مرتبہ رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ محکمہ تمام فنی تجربات، خاص طور پر وہ تجربات جنہیں عراقی عوام کے درمیان اہم مقام حاصل ہے، جیسے کہ قرآن کی نمائش، کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔/
4243732