ایکنا نیوز- الجزیرہ نیوز چینل کے مطابق، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے فرانس کے اس فیصلے کو، جس کے تحت خواتین اور لڑکیوں کے لئے کھیلوں کے مقابلوں میں حجاب پر پابندی عائد کی گئی ہے، امتیازی قرار دیا اور اس کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
فرانس نے اپنے سخت سیکولر قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے، 2024 پیرس اولمپکس میں کھلاڑیوں کو مذہبی علامات، بشمول حجاب، پہننے سے روک دیا ہے۔ اس کے بعد فرانس کی فٹبال اور باسکٹ بال فیڈریشنز نے بھی فیصلہ کیا کہ ایسے کھلاڑیوں کو، جو سر پر اسکارف پہنتے ہیں، مقابلوں سے نکال دیا جائے گا، یہاں تک کہ امیچر سطح پر بھی۔
آٹھ آزاد انسانی حقوق کے ماہرین کی جانب سے دستخط شدہ بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلے غیر متناسب اور امتیازی ہیں اور یہ فرانسیسی کھلاڑیوں کے حق کو پامال کرتے ہیں کہ وہ نجی اور عوامی مواقع پر اپنی شناخت، مذہب یا عقائد کا آزادانہ اظہار کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ محجوب خواتین کو فرانسیسی معاشرے کے ہر پہلو میں، ثقافتی اور کھیلوں کی زندگی میں شرکت اور برابری کے حقوق حاصل ہونے چاہییں۔
یہ بیان اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جو ثقافتی حقوق، اقلیتوں کے مسائل، اور مذہبی و عقائد کی آزادی کے حوالے سے کام کرتے ہیں، نیز اقوام متحدہ کے خواتین اور لڑکیوں کے خلاف امتیاز کے ورکنگ گروپ کے ارکان نے بھی اس پر دستخط کیے۔ یہ ماہرین اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کی جانب سے مقرر کردہ آزاد ماہرین ہیں۔
فرانس کے سیکولرازم کے قوانین کے تحت حکومت کو مذہبی معاملات میں غیر جانبدار رہنا ہے جبکہ شہریوں کو اپنے مذہبی مناسک آزادانہ طور پر انجام دینے کا حق حاصل ہے۔
تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ ریاست کی غیر جانبداری اور سیکولر مزاج اظہار رائے اور مذہبی یا عقائد کی آزادی پر پابندی لگانے کی جائز بنیاد نہیں بن سکتے۔
انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ آزادیوں پر کسی بھی قسم کی پابندی، بین الاقوامی قانون کے تحت درج اہداف جیسے کہ حفاظت، صحت، اور عوامی نظم و ضبط کے مطابق ہونی چاہیے اور اس کی وضاحت فرضی باتوں یا تعصبات کی بنیاد پر نہیں بلکہ حقائق کی بنیاد پر کی جانی چاہیے۔
اقوام متحدہ کے ماہرین نے مزید زور دیا کہ ان حالات میں جب با پردہ خواتین اور لڑکیاں عدم برداشت کا شکار ہیں، فرانس کو ان کے حقوق کے تحفظ، ان کی مدد اور ثقافتی تنوع کے احترام و برابری کو فروغ دینے کے لئے تمام دستیاب اقدامات اٹھانے چاہییں۔
4245212