ایکنا نیوز، نیشن نیوز کے مطابق، عالمی مسلم لیگ (MWL) ایک انقلابی منصوبہ شروع کرنے جا رہی ہے جس کا مقصد مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔
یہ منصوبہ "مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع" کے عنوان سے منعقد ہونے والی ایک عالمی کانفرنس کے ذریعے پیش کیا جائے گا، جو 11 سے 12 جنوری 2025 کو اسلام آباد، پاکستان میں منعقد ہوگی۔
یہ کانفرنس پاکستان کے وزیر اعظم، محمد شہباز شریف کی حمایت سے، حکومتوں، اسلامی اداروں، سول سوسائٹی، اور بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان عالمی تعاون اور روابط کو فروغ دے گی۔
کانفرنس میں دنیا بھر سے نامور مذہبی علماء، دانشور، میڈیا رہنما، اور سرگرم کارکن جمع ہوں گے تاکہ لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ نیٹ ورک تشکیل دیا جا سکے۔
یہ منصوبہ عالمی مسلم لیگ کے مکہ چارٹر کے اصولوں، خاص طور پر شق 25، اور اسلامی مکاتب فکر اور مسالک کے درمیان پل بنانے کے چارٹر کے اصول 22 اور 23 سے متاثر ہے۔ یہ اصول، جو دو بڑے بین الاقوامی کانفرنسوں میں منظور کیے گئے ہیں، مسلم معاشروں میں اتحاد، تعلیم، اور ترقی پر زور دیتے ہیں۔
عالمی مسلم لیگ اس پروگرام کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے رکن ممالک کی طرف سے منظور شدہ قراردادوں کو عملی جامہ پہنائے گی، جو اس تنظیم، فقہ اسلامی کونسل، اور بین الاقوامی فقہ اکیڈمی کے ساتھ طے شدہ مفاہمتی یادداشتوں کے مطابق ہوں گی۔/
4254524