ایران کے سابق ویٹیکن میں سفیر حجتالاسلام والمسلمین محمد مسجدجامعی نے اسلامک اسٹرٹیجک اسٹڈی ادارے سے گفتگو میں، کیتھولک عیسائیوں کے عالمی رہنما پاپائے فرانسس کی وفات کے موقع پر، ان کی زندگی اور کارناموں پر روشنی ڈالی۔ ایکنا کو فراہم کردہ اس گفتگو کے متن کے مطابق:
پاپ فرانسس کی سابقہ پاپاؤں سے نمایاں خصوصیات کیا تھیں؟ ویٹیکن میں اب تک کئی پاپا گزرے ہیں، لیکن پاپ فرانسس طرز فکر، طرز زندگی اور مؤمنوں و عوام کے ساتھ برتاؤ کے لحاظ سے نمایاں تھے۔ وہ عوامی مسائل اور عالمی امور دونوں پر گہری تشویش رکھتے تھے۔ انہوں نے کئی بار تیسری عالمی جنگ کے خطرے کی بابت خبردار کیا اور ملتوں کے درمیان دیواریں کھینچنے کے خلاف اور یورپ آنے والے مہاجرین کے حقوق کے احترام پر زور دیا۔
وہ ماحولیات کے تحفظ پر بہت زیادہ تاکید کرتے اور انسانی وقار اور عزت کو مقدم رکھتے تھے۔ ان کا طرز زندگی دیگر پاپاؤں سے مختلف تھا؛ وہ کبھی بھی ویٹیکن کے شاہی محل میں نہیں رہے بلکہ مہمانوں کے لیے مخصوص ایک ہوٹل میں مقیم رہے۔ روزمرہ زندگی میں سادہ کھانے، عوام اور کمزور طبقے سے براہ راست اور انصاف پر مبنی برتاؤ ان کی نمایاں خصوصیات تھیں۔
پاپ فرانسس نوآبادیاتی نظام کی مخالفت اور دنیا میں عدل و انصاف کے قیام، دینی تعلیمات کی تجدید اور عالمی امن کو لاحق خطرات کے حوالے سے مخصوص آراء اور ہدایات رکھتے تھے اور ان موضوعات پر بہت زور دیتے تھے۔
فلسطین اور غزہ جنگ کے بارے میں پاپ فرانسس کا مؤقف پاپ فرانسس نے اسرائیلی جرائم کے خلاف دیگر یورپی اور لاطینی امریکی رہنماؤں کی نسبت کہیں زیادہ صاف گوئی اور بہادری سے موقف اپنایا۔ جبکہ ایسے بیانات کو اکثر اوقات یہودی دشمنی سے تعبیر کیا جاتا ہے اور سوشل میڈیا پر شدید پروپیگنڈہ ہوتا ہے، اس کے باوجود انہوں نے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں جرات مندانہ مؤقف اختیار کیا۔
پاپ کا عراق کا سفر اور آیت اللہ سیستانی سے ملاقات پاپ فرانسس کا عراق کا سفر اور آیت اللہ سیستانی سے ملاقات ایک غیرمعمولی اور بہادرانہ اقدام تھا۔ یہ سفر ایسے وقت میں ہوا جب دنیا کرونا وبا کی لپیٹ میں تھی اور عراق میں دہشت گرد حملوں کا شدید خطرہ موجود تھا۔ یہ ملاقات آیت اللہ سیستانی کی رہائش گاہ پر ہوئی، جو کہ تاریخی اعتبار سے منفرد تھی، کیونکہ اب تک کسی پاپا نے کسی مسلمان شخصیت سے اس کے مقام پر جا کر ملاقات نہیں کی تھی۔ یہ عمل بین المذاہب مکالمے اور احترام کی ایک روشن مثال تھا۔
4278443