ایکنانیوز- صدی البلد نیوز کے مطابق، انہوں نے اپنے ایک پیغام بعنوان "پیغامِ خیرمقدم و تحسین" میں فرانس، کینیڈا اور برطانیہ کے اس اقدام کو سراہا اور کہا: "یہ ایک مسرت بخش اور خوشی کی خبر ہے کہ حکومت برطانیہ اور فرانس نے فلسطین کو باقاعدہ ایک آزاد ملک کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ یہ ان مظلوم اور پُررنج عوام کے لیے امید کی کرن ہے جو طویل عرصے سے آزادی، عزت اور کرامت کے لیے کوشاں ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا: "یہ فیصلہ ایسے نازک وقت میں انسانیت کے ضمیر کی بیداری، اصولوں کی فتح، اور اُن لوگوں کی تکالیف کی قدر دانی کی علامت ہے جو اپنے آزاد ملک کے آسمان تلے پرامن اور باوقار زندگی کے خواہاں ہیں۔"
شیخ ابوبکر احمد نے اس موقف کو "باعزت اور قابلِ تحسین" قرار دیتے ہوئے کہا: "ہم بھارت کی سرزمین اور دارالافتا کی جانب سے اس قابل قدر موقف کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہیں اور اُن تمام لوگوں کو سراہتے ہیں جو فلسطین کے حق میں کھڑے ہیں۔ فلسطین کو ایک مکمل آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنا، انصاف کی راہ میں ایک مبارک قدم ہے اور حقیقی امن کی بنیاد ہے، جس کے خواہشمند تمام باعزت انسان ہیں۔"
انہوں نے عالمی برادری، خاص طور پر اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ اس فیصلے کو نمونہ بنائیں اوراس مظلوم قوم پر جاری ظلم و ستم اور قتلِ عام کو روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کریں، جو غزہ اور دیگر فلسطینی علاقوں میں اب بھی جاری ہے۔
اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے دعا کی: "ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی عوام کو فتح اور سکون عطا کرے، اور دنیا کو امن و سلامتی سے نوازے۔۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں نیویارک میں منعقدہ بین الاقوامی فلسطین کانفرنس کے دوران، فرانسیسی اور سعودی قیادت میں 15 ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔ اعلامیہ پر دستخط کرنے والے ممالک میں شامل ہیں: آندورا، آسٹریلیا، کینیڈا، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، لکسمبرگ، مالٹا، نیوزی لینڈ، ناروے، پرتگال، سان مارینو، سلووینیا اور اسپین۔
ان میں سے آسٹریلیا، کینیڈا، اور نیوزی لینڈ نے اگرچہ تاحال فلسطین کو تسلیم نہیں کیا، تاہم اپنے ملک کی طرف سے اس سمت میں مثبت غور و خوض اور آمادگی کا اظہار کیا ہے۔
مزید برآں، سفارتی ذرائع کے مطابق، 17 دیگر ممالک، یورپی یونین اور عرب لیگ نے بھی اس کانفرنس میں حماس کے اسلحہ کی بے دخلی اور غزہ میں اس کی حکمرانی ختم کرنے کی تجاویز کی حمایت کی، تاکہ فلسطینی علاقوں میں جاری تباہ کن جنگ کا خاتمہ کیا جا سکے۔/
4297739