
ایکنا نیوز، برناما نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ ملائیشیا میں “ITAQ” نامی ایک نیا نظام تیار کیا گیا ہے جو قرآنِ مجید کی طباعت کی درستگی کی جانچ کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرے گا۔
ملائیشیا کی وزارتِ داخلہ (KDN) نے یہ AI پر مبنی منظوری کا نظام قرآنِ کریم کے طباعتی نسخوں کی تیز اور درست تصدیق کے لیے متعارف کرایا ہے۔
وزارت کے نائب وزیر، شمس الانوار نصارا نے کہا کہ یہ نظام قرآن کی طباعت کی نگرانی اور اجازت دینے والی کمیٹی (LPPPQ) کے زیرِ انتظام کام کرے گا اور معاصر دور کے پیچیدہ چیلنجوں کے مطابق قرآن کے نسخوں کی تصدیق کے عمل کو مضبوط بنائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ LPPPQ، ITAQجیسے جدید نظام متعارف کرا کے قرآن کے متن کی اصالت اور اسلامی قوانین کے مطابق ہونے کی ضمانت دینے کے اپنے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کے بقول، یہ کمیٹی قرآن کے احترام کے تحفظ میں کردار ادا کرتی ہے۔ یہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ ایک ایسا حفاظتی فلٹر ہے جو قرآن کی تلاوت اور فہم میں کسی قسم کی غلطی یا بگاڑ سے بچاتا ہے.
مزید برآں، وزارت نے قرآنی منظوری کے بورڈز (ProQuran) کے لیے ایک پیشہ ورانہ فریم ورک بھی متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد طباعت و اشاعت کے شعبے میں نامزد کردہ قرآنی مشیروں کی صلاحیت اور معیار میں بہتری لانا ہے۔
شمس الانوار نے بتایا کہ جنوری سے ستمبر کے دوران حکام نے تقریباً 53,000 قرآنی متون اور مواد ضبط کیے جو قانونِ طباعتِ متونِ قرآنی 1986 (قانون 326) کی خلاف ورزی میں شائع کیے گئے تھے، اور اس سلسلے میں 295 تحقیقات شروع کی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف ماہِ رمضان میں 201 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 9 لاکھ 50 ہزار رنگٹ کے جرمانے عائد کیے گئے۔/
4313768