سال ۲۰۲۵ میں 42 فلسطین صحافی گرفتار

IQNA

سال ۲۰۲۵ میں 42 فلسطین صحافی گرفتار

7:58 - January 04, 2026
خبر کا کوڈ: 3519745
ایکنا: صہیونی قابض فوج نے سال 2025 کے دوران کم از کم 42 فلسطینی صحافیوں کو گرفتار کیا، جن میں 8 خواتین صحافی بھی شامل ہیں۔

ایکنا کی رپورٹ کے مطابق، مڈل ایسٹ نیوز کے حوالے سے فلسطینی صحافیوں کی یونین نے اعلان کیا ہے کہ صہیونی قابض فوج نے سال 2025 کے دوران مغربی کنارے، بیت المقدس اور 1948ء کے مقبوضہ علاقوں میں کم از کم 42 فلسطینی صحافیوں کو گرفتار کیا، جن میں 8 خواتین صحافی بھی شامل ہیں۔

اس صحافتی تنظیم کے مطابق، قابض حکام صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کے خلاف منظم اور ہدفی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، جس میں من مانی اور انتظامی گرفتاریاں، تشدد، جلاوطنی، میڈیا آلات کی ضبطی اور جبری تفتیش شامل ہے۔ اس پالیسی کا مقصد خبروں کی کوریج کو خاموش کرنا اور قومی میڈیا کے ڈھانچے کو کمزور کرنا ہے۔

فلسطینی صحافیوں کی یونین کی کمیٹی برائے آزادیات نے گرفتاریوں کے طریقۂ کار میں ایک خطرناک تبدیلی کی نشاندہی کی ہے، جن میں بااثر صحافیوں کو خاص طور پر نشانہ بنانا، ایک ہی صحافی کی بار بار گرفتاری، بغیر فردِ جرم عائد کیے انتظامی حراست میں اضافہ، اور جسمانی و نفسیاتی تشدد کو دباؤ کے آلے کے طور پر استعمال کرنا شامل ہے۔

رپورٹ میں درجنوں ایسے واقعات درج ہیں جن میں صحافیوں کو فیلڈ میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے اور چھاپوں کی کوریج کے دوران گرفتار کیا گیا۔ یونین کے مطابق یہ اقدام میدان کو عینی شاہدین سے خالی کرنے کی کوشش ہے۔ اسی طرح صحافیوں کے گھروں پر چھاپوں اور ان کے اہلِ خانہ کے سامنے گرفتاریوں میں اضافے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جو صحافیوں کو ذہنی اور سماجی طور پر توڑنے کی ایک حکمتِ عملی ہے۔

کمیٹی برائے آزادیات نے انتظامی حراست کو جبر کی سب سے خطرناک شکل قرار دیا، کیونکہ اس میں صحافی کو بغیر کسی مقررہ مدت کے ’’فیصلے کا قیدی‘‘ بنا دیا جاتا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ رپورٹ میں صحافیوں کو مار پیٹ کا نشانہ بنانے، زمین پر گھسیٹنے، اسلحے سے دھمکانے اور میڈیا آلات ضبط کر کے واپس نہ کرنے جیسے اقدامات کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جن کا مقصد صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو مفلوج کرنا ہے۔

آخر میں فلسطینی صحافیوں کی یونین نے اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کریں اور فلسطینی صحافیوں کے خلاف جرائم کے مرتکبین اور حکم دینے والوں کو جواب دہ بنا کر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔/

 

4326487

نظرات بینندگان
captcha