
ایکنا کے نمائندہ خصوصی کی رپورٹ کے مطابق، ایّامُ البیض یعنی سفید دن خاص طور پر رجب، شعبان اور رمضان جیسے مقدس مہینوں میں مسلمانوں، بالخصوص شیعہ حضرات کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان دنوں میں خصوصی عبادات اور مذہبی مراسم انجام دیے جاتے ہیں۔
حجت الاسلام والمسلمین شیخ عباس صراف نے حسینیہ حضرت ربابؑ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: "ماہِ رجب میں توحید اور معنویت کی بے پناہ ظرفیت موجود ہے، خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اس مہینے کے لمحہ لمحہ سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔"
حوزۂ علمیہ کے استاد نے مزید کہا کہ ماہِ رجب کے ایّامُ البیض یعنی تیرہویں، چودہویں اور پندرہویں تاریخیں ایسی اہم گھڑیاں ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
شیخ عباس صراف نے وضاحت کرتے ہوئے کہا: "ایّامُ البیض کا مفہوم نورانیت اور سفیدی کے دن ہیں، یعنی ان دنوں میں تاریکی اور ظلمت سے نکلنے کا موقع میسر آتا ہے۔ روایت کے مطابق جب حضرت آدمؑ کو جنت سے زمین پر بھیجا گیا تو ان کا چہرہ سیاہ ہو گیا اور وہ ایک مدت تک اس کیفیت سے رنجیدہ رہے۔ ایّامُ البیض کی برکت سے ان کی حالت دوبارہ نورانی ہو گئی۔ اللہ تعالیٰ نے یہ ایام اس لیے مقرر فرمائے تاکہ ہم کچھ وقت اپنی خلوت کے لیے مخصوص کریں اور صرف خدا سے راز و نیاز کریں۔ ایّامُ البیض اور اعتکاف کے دوران موبائل فون ایک طرف رکھ کر صرف عبادت اور دعا میں مشغول ہونا چاہیے۔
انہوں نے ایّامُ البیض کو ماہِ رجب کی چوٹی قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ ان دنوں میں ایک نہایت اہم دعا ’’یا مُقیلَ العَثَرات‘‘ پر خصوصی توجہ دی جائے، یعنی: "اے وہ ذات جو لغزشوں کو معاف فرماتی ہے، اے وہ جو خطاؤں کو نظر انداز کر دیتی ہے" اسی طرح دعا ’’یا مُبدِّلَ السَّیِّئاتِ بالحَسَنات‘‘ یعنی "اے برائیوں کو نیکیوں میں بدلنے والے"، ان الفاظ کے ساتھ کثرت سے اللہ کو پکارا جائے۔
آخر میں اس مذہبی ماہر نے یاد دہانی کرائی کہ 13 رجب کی رات اور دن میں حضرت فاطمہ بنت اسدؑ (امام علیؑ کی والدہ) کے وسیلے سے دعا کی جائے، کیونکہ یہ توسل گرہ کشا اور مشکلات کے حل کا ذریعہ ہے۔/
4326346