
ایکنا نیوز- القاہرہ 24 کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان مقابلوں کا باقاعدہ آغاز گزشتہ روز دنیا کے 30 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 42 شرکاء جن میں حفاظِ قرآن اور مبتهلین شامل ہیں، کی شرکت سے کیا گیا۔ اس دور کو مرحوم مصری قاریِ قرآن شیخ محمود علی البنّا کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
مقابلوں کے پہلے دن کے پروگراموں میں صوبہ پورٹ سعید کی مسجد السلام میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی، نیز اس صوبے کے مختلف چوراہوں اور شاہراہوں پر قرآنِ کریم کی متنوع تلاوت، دینی ابتهال اور مذہبی نعتیہ کلام پیش کیا جانا شامل تھا۔
ان مقابلوں کی سرکاری افتتاحی تقریب شام 6 بجے (مقامی وقت) منعقد ہوئی، جس میں مصر کے وزیرِ اوقاف، محب حبشی، گورنر پورٹ سعید، الازہر کے ذمہ داران اور متعدد اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ اس تقریب کو مصری ٹیلی ویژن کی جانب سے براہِ راست نشر بھی کیا گیا۔
یہ بین الاقوامی قرآنی ایونٹ مصطفیٰ مدبولی، وزیرِ اعظم مصر، اور عمرو عثمان، نائب گورنر پورٹ سعید کی سرپرستی میں منعقد ہو رہا ہے، جبکہ عادل المصیلحی، ممتاز میڈیا کارکن، ان مقابلوں کے ایگزیکٹو انچارج ہیں۔
پورٹ سعید کے قرآنی مقابلے 2 فروری 2026 تک جاری رہیں گے، جن میں شرکاء حفظ، تلاوت اور ابتهال کے شعبوں میں ایک دوسرے سے مقابلہ کر رہے ہیں۔
یہ قرآنی ایونٹ پورٹ سعید کی گورنریٹ کی مکمل سرپرستی میں منعقد کیا جا رہا ہے، اور منتظمین کی کوشش ہے کہ ان مقابلوں کو قرآنِ کریم کے خادمین کی عالمی سطح پر حمایت کے حوالے سے مصر کے ممتاز قرآنی مقام کے شایانِ شان انداز میں منعقد کیا جائے۔/
4331302