ٹیکساس میں خوراک فراہمی مہم میں مذہبی رضاکاروں کی شرکت

IQNA

ٹیکساس میں خوراک فراہمی مہم میں مذہبی رضاکاروں کی شرکت

9:30 - February 04, 2026
خبر کا کوڈ: 3519895
ایکنا: امریکی ریاست ٹیکساس کے دارالحکومت آسٹن میں درجنوں مسلمان اور غیر مسلم رضاکار اس شہر کے ضرورت مند افراد کے لیے ۲۰ ہزار غذائی پیکٹس تیار کرنے کے لیے متحرک ہوگئے۔

ایکنا نیوز- Fox 7 Austin  نیوز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ٹیکساس کے دارالحکومت آسٹن کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ۷۰ رضاکاروں نے بھوک کے خلاف جدوجہد کے مقصد سے نویسِس مسجد (Nueces Mosque) کو ایک مصروف کچن میں تبدیل کردیا اور مقامی فوڈ بینک کے لیے ۲۰ ہزار کھانے کے پیکٹس تیار کیے۔

یہ رضاکار بھوک کے خاتمے کے عزم کے ساتھ آسٹن بھر سے جمع ہوئے تھے تاکہ ۲۰ ہزار غذائی پیکٹس کی تیاری کو عملی شکل دے سکیں۔ ان رضاکاروں کا تعلق مختلف پس منظر اور نسلوں سے تھا۔

تیسیر ابوبکر، اسلامی ریلیف یو ایس اے میں رضاکارانہ شراکت کے ماہر کا کہنا تھا کہ آج ہم درحقیقت ۲۰ ہزار غذائی پیکٹس پیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ غیر منافع بخش ادارہ پورے ملک میں غربت کے خاتمے اور ضرورت مندوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ اس ہفتے ہماری توجہ وسطی ٹیکساس پر مرکوز رہی۔

رضاکاروں نے چار گھنٹے سے زائد سخت محنت کی تاکہ غذائی پیکٹس مکمل طور پر تیار ہوں اور جلد از جلد ترسیل کے لیے روانہ کیے جا سکیں۔

ابوبکر نے بتایا: آج ہم آسٹن میں ہیں، پچھلے ہفتے ہم سان انتونیو میں تھے اور اس سے دو ہفتے قبل نیواورلینز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: ہمارے رضاکار ہر طرح کے سماجی طبقات سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہمارے ساتھ مرد و خواتین، مسلمان و غیر مسلم، مسیحی اور یہودی سب شامل ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں تاکہ وہ ان خاندانوں کی مدد کرسکیں جنہیں واقعی اس امداد کی ضرورت ہے، اور انہیں خوراک فراہم کی جا سکے۔

ابوبکر نے غذائی پیکٹس کی تیاری کے عمل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں چاول، لوبیا، سات اقسام کے مصالحے اور گاجر فوڈ بیگز میں ڈالے جاتے ہیں۔ یہ تمام اشیاء خشک خوراک پر مشتمل ہوتی ہیں۔ دوسرے مرحلے میں ان بیگز کو وزن کیا جاتا ہے تاکہ غذائی ضروریات کے مطابق مقدار کی تصدیق کی جا سکے، اور تیسرے مرحلے میں بیگز کو بند کردیا جاتا ہے۔

پیکنگ مکمل ہونے کے بعد یہ غذائی پیکٹس سنٹرل ٹیکساس فوڈ بینک کے حوالے کیے جاتے ہیں، جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ یہ خوراک مستحق افراد تک پہنچے۔

ابوبکر کے مطابق کوئی خاص پابندی نہیں، ہر کوئی ان فوڈ بینکس سے رجوع کر سکتا ہے۔ جس کسی کو بھی ان غذائی پیکٹس کی ضرورت ہو، وہ ان سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

یہ پروگرام اسلامی ریلیف یو ایس اے کی جانب سے پورے ملک میں منعقد ہونے والی متعدد سرگرمیوں میں سے ایک ہے۔ اس غیر منافع بخش ادارے کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو رضاکارانہ طور پر شمولیت کی دعوت دی جاتی ہے، اور مزید معلومات ان کی ویب سائٹ کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔۔/

 

4332034

نظرات بینندگان
captcha