
ایکنا نیوز- الکفیل نیوز کے حوالے سے واحد کے ذمہ داران میں شامل سید فائز آل طعمہ نے بتایا کہ مرکز خدام سادات کے عملے نے روضۂ حضرت ابوالفضل العباسؑ کے صحن کی غبارروبی انجام دی ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ زیارت ناموں کی تعداد میں اضافہ، دعاؤں کی کتب کی تقسیم، لائبریریوں اور تربت دانوں کی تنظیم کے ذریعے اپنی خدمات کو مزید وسعت دی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا: حضرت امام مہدیؑ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے روضۂ مقدس کے زائرین میں مٹھائی بھی تقسیم کی جا رہی ہے تاکہ اس مبارک دن کو خصوصی خدمات کے ساتھ منایا جا سکے۔
دوسری جانب، عباس علی ابوالعوف، جو روضۂ عباسی میں شعبۂ خدماتِ زائرین کے نائب سربراہ ہیں، نے بتایا کہ اس شعبے کے کارکنان نے خواتین زائرین کے لیے روضۂ مبارک کے سردابوں کو تمام سہولیات سے آراستہ کردیا ہے تاکہ ولادتِ امام مہدیؑ کی تقریبات میں شریک ہونے والی خواتین کا بھرپور استقبال کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ان سردابوں کو قرآنِ مجید کے نسخوں، جائے نمازوں، دعاؤں اور آدابِ زیارت کی کتب سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ زائرین کو مکمل سہولیات فراہم کی جا سکیں اور زیارت کے اعمال کی ادائیگی میں آسانی ہو۔
ابوالعوف کے مطابق، اس شعبے کے اہلکار خواتین زائرین کی آسان آمد و رفت کو یقینی بنانے، نیز مخصوص مقامات پر صفائی اور سہولت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ نصفِ شعبان کی آمد کے ساتھ ہی نجف، کاظمین اور سامرا سے کربلا کی جانب پیدل زیارت کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، اور زائرین کی تعداد میں مزید اضافے کی توقع ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور الحشد الشعبی بھی ۱۶۰۰ سے زائد ثابت و متحرک کیمروں کے ذریعے زائرین کی نقل و حرکت اور موکبوں کی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
روضۂ مقدسِ حسینی و عباسی (علیہماالسلام) کی انتظامیہ نے میدانی کوششوں کو یکجا کرنے، موکبوں اور زائرین کی نقل و حرکت کو آسان بنانے اور ایامِ زیارت کے دوران خدمات کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔
یہ انتظامیہ مسلسل خدماتی موکبوں کی نگرانی، ضروری معاونت اور رہنمائی فراہم کر رہی ہے تاکہ زیارتِ نیمہ شعبان کامیابی کے ساتھ منعقد ہو اور اس عظیم و مقدس موقع کی شان کے مطابق خدمات انجام دی جا سکیں۔
واضح رہے کہ زیارتِ نیمہ شعبان شہرِ مقدس کربلاء کی سب سے بڑی سالانہ زیارتوں میں شمار ہوتی ہے، جس میں عراق اور بیرونِ ملک سے لاکھوں زائرین حضرت امام زمانہؑ کی ولادت کی مناسبت سے اس مقدس شہر کا رخ کرتے ہیں۔/
4332076