
ایکنا نیوز- الوطن نیوز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد زائرین کو بہتر خدمات فراہم کرنا، اسمارٹ ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں سعودی عرب کے مقام کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
سعودی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مدینہ منورہ ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے اعلان کیا کہ رپورٹ بسز کا آزمائشی آپریشن مسجدِ قبا کے احاطے میں شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام اسمارٹ اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے فروغ اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے تحت کیا جا رہا ہے۔
یہ منصوبہ مسجد نبوی اور مدینہ منورہ کے تاریخی مقامات پر آنے والے زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے، تاکہ انہیں زیادہ محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست سفری تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
خودکار بس یا ’’آٹونومس روبو بس‘‘ کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، اسمارٹ سینسرز اور جدید کیمروں سے لیس کیا گیا ہے تاکہ یہ رش والے علاقوں میں بھی اعلیٰ ترین حفاظتی معیار کے ساتھ کام کر سکے۔
اس منصوبے کا آزمائشی دورانیہ 60 دن مقرر کیا گیا ہے جبکہ بس کے لیے مختص راستے کی لمبائی تقریباً 700 میٹر ہے۔
یہ ٹرانسپورٹ نظام مکمل طور پر مصنوعی ذہانت اور اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹمز کے تحت چلایا جا رہا ہے، جبکہ راستے میں مخصوص اسٹیشنز، زائرین کے لیے خصوصی داخلی راستے اور چارجنگ پلیٹ فارمز بھی قائم کیے گئے ہیں۔/
4351729