بحرین میں اہل تشیع کو نشانہ بنانے پر انتباہ

IQNA

بحرین میں اہل تشیع کو نشانہ بنانے پر انتباہ

7:26 - May 13, 2026
خبر کا کوڈ: 3520209
ایکنا: بحرین میں حالیہ دنوں میں سکیورٹی اقدامات میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں حکام کی چھاپہ مار کارروائیوں اور گرفتاریوں نے براہِ راست ممتاز شیعہ علما اور اس ملک کے دینی مدارس کی نمایاں شخصیات کو نشانہ بنایا ہے۔

ایکنا نیوز- مرآۃ البحرین نیوز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان گرفتاریوں میں حوزۂ علمیہ کی اہم شخصیات اور دینی مراجع کے فرزند بھی شامل ہیں، جس کے بعد الوفاق سوسائٹی نے فرقہ وارانہ بنیادوں پر مذہبی طبقے کو نشانہ بنانے کے منصوبوں پر خبردار کیا ہے۔

چند روز قبل الوفاق نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ 6 مئی 2026ء کو وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان ایک فرقہ وارانہ سکیورٹی مہم کی عکاسی کرتا ہے، اور حکومتِ بحرین سے مطالبہ کیا کہ وہ فقہ جعفریہ کے پیروکاروں کے خلاف تمام منصوبہ بند اقدامات فوری طور پر بند کرے۔

الوفاق نے وزارتِ داخلہ کے بیان کے جواب میں جاری اپنے اعلامیے میں مزید کہا کہ اس بیان میں ایسے الزامات اور تصورات پیش کیے گئے ہیں جو فرقہ وارانہ اور تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں، اور یہ ایک گہرے داخلی بحران اور مخصوص سکیورٹی نظریے کی نشاندہی کرتے ہیں۔

اس سے قبل بھی  الوفاق نیشنل کونسل نے 69 بحرینی شہریوں کی شہریت منسوخ کیے جانے کی مذمت کی تھی، جن میں علما، نوحہ خواں، فنکار اور سماجی شخصیات شامل تھیں، جبکہ ان میں خواتین، مرد اور حتیٰ کہ بچے بھی شامل تھے۔ ان افراد پر ایران سے ہمدردی رکھنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

تنظیم نے واضح کیا کہ یہ اقدام بحرین کے بادشاہ کی جانب سے اس بات کا جائزہ لینے کے احکامات کے چند روز بعد سامنے آیا کہ کون شہریت کا حق دار ہے، اور ’’غداری‘‘ کے خلاف فوری کارروائی شروع کی جائے۔ الوفاق کے مطابق یہ فیصلے متاثرہ افراد سے کسی قسم کی تحقیقات یا عدالتی کارروائی کے بغیر کیے گئے۔

الوفاق نے اپنے بیان میں کہا کہ بحرینی حکومت نے بچوں، شیر خواروں اور خواتین کی شہریت بھی اس بنیاد پر ختم کی کہ ان کا تعلق شیعہ خاندانوں سے ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ اقدام پورے خاندانوں کو سرکاری شناخت سے خارج کرنے اور ان کے ’’اخلاقی و سماجی قتل‘‘ کے مترادف ہے۔

تنظیم نے اس فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مذہبی، ثقافتی اور پیشہ ورانہ خاندانوں کو نشانہ بنا رہا ہے جن کی بحرین میں تاریخی حیثیت ہے۔ الوفاق کے مطابق یہ پالیسیاں آئین، قانون اور انسانی اصولوں کے خلاف ہیں اور بین الاقوامی معاہدوں کے تحت بحرین کی ذمہ داریوں سے متصادم ہیں، جبکہ اس کے نتیجے میں ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مزید بڑھ سکتی ہیں۔/

 

4351769

نظرات بینندگان
captcha