اسلامی سیاحت کے فروغ کے لیے انڈونیشیاء کی کاوش

IQNA

اسلامی سیاحت کے فروغ کے لیے انڈونیشیاء کی کاوش

7:39 - June 28, 2026
خبر کا کوڈ: 3520376
ایکنا: انڈونیشیا کی وزارتِ سیاحت ملک بھر کے تمام سیاحتی مقامات پر حلال مصنوعات اور خدمات تک رسائی بڑھانے کے لیے کوشاں ہے تاکہ مسلم سیاحوں کے لیے مزید سازگار اور معیاری ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ایکنا نیوز- انتارا نیوز کے مطابق انڈونیشیاء کی وزارتِ سیاحت و تخلیقی معیشت کے سینئر ماہر وینسنسیوس جَماڈو نے جمعہ کو جکارتہ میں خبر رساں ایجنسی انتارا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت نے سیاحتی دیہات اور متعلقہ شراکت داروں سے بات چیت کی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ حلال خدمات کی فراہمی کے لیے ضروری شرائط پوری کی جائیں، جن میں حلال سرٹیفکیٹ کا حصول بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا معیاری اور مسلم دوست سیاحت کی فراہمی میں نمایاں مسابقتی برتری رکھتا ہے، بالخصوص ترغیبات، کانفرنسوں اور نمائشوں (MICE) کے شعبے میں۔

سیاحتی اعداد و شمار کے مطابق انڈونیشیا آنے والے 60 فیصد غیر ملکی سیاح ثقافتی تجربات میں دلچسپی رکھتے ہیں، 30 فیصد قدرتی مناظر اور قدرتی سیاحتی مقامات کا رخ کرتے ہیں، جبکہ باقی سیاح انسانوں کے بنائے ہوئے تفریحی اور سیاحتی مراکز کا دورہ کرتے ہیں۔

جماڈو نے وضاحت کی کہ مسلم دوست سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت حلال مصنوعات کو قدرتی حسن اور مقامی ثقافت کے ساتھ ہم آہنگ کرنا چاہتی ہے۔ اس منصوبے میں سمندری سیاحت، غوطہ خوری اور سرفنگ جیسی پرکشش سرگرمیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ مسلم سیاح متنوع اور معیاری تجربات سے لطف اندوز ہو سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت مختلف سیاحتی مقامات پر حلال مصنوعات اور خدمات کی دستیابی کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور اپنی توجہ خاص طور پر ان 13 علاقوں پر مرکوز کیے ہوئے ہے جنہیں وزارتِ سیاحت نے مسلم دوست مقامات کے طور پر متعارف کرایا ہے۔ ان میں مغربی سماٹرا، جکارتا، بنڈونگ اور بنتن شامل ہیں۔

جماڈو نے مزید کہا کہ وزارت حلال مصنوعات کی ضمانت دینے والے ادارے BPJPH کے ساتھ مسلسل تعاون کر رہی ہے تاکہ خوراک، مشروبات اور رہائشی و خدماتی شعبوں میں فراہم کی جانے والی اشیا کے لیے حلال سرٹیفکیشن کا عمل مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارت عالمی مسلم ٹریول انڈیکس (GMTI) میں دنیا کے مسلمانوں کے لیے بہترین سیاحتی منزل کا مقام حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ رواں سال انڈونیشیا نے ترکی کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی، جو 2025 میں اس کی پانچویں پوزیشن کے مقابلے میں تین درجے بہتری کی علامت ہے۔

حالیہ درجہ بندی کے مطابق انڈونیشیا اب صرف ملایشیاء کے بعد دوسرے نمبر پر ہے، جو مسلم دوست سیاحت کے میدان میں اس کی تیز رفتار ترقی کو ظاہر کرتا ہے۔/

 

4360605

نظرات بینندگان
captcha