ایکنا نیوز- البوابہ نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دقہلیہ کے گورنر میجر جنرل طارق مرزوق نے امام عاشور کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں گورنر ہاؤس کی اعزازی شیلڈ کے ساتھ قرآنِ کریم کا ایک نسخہ بھی پیش کیا۔
گورنر نے قرآنِ کریم کے پہلے صفحے پر اپنے ہاتھ سے ایک جذباتی پیغام تحریر کیا، جس میں پدرانہ محبت، خلوصِ دعا اور ورلڈ کپ 2026 میں امام عاشور اور ان کے ساتھی کھلاڑیوں کی تاریخی کامیابیوں پر مبارک باد پیش کی گئی۔
یہ تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی، جہاں امام عاشور اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کے ساتھ ان کی شاندار کارکردگی اور مصری عوام کو خوشیاں دینے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
گورنر طارق مرزوق نے اپنے ہاتھ سے لکھے گئے پیغام میں تحریر کیا: اللہ کے نام سے جو نہایت مہربان، بے حد رحم کرنے والا ہے۔ میں قرآنِ کریم کا یہ بابرکت نسخہ اپنے عزیز بیٹے امام عاشور، جو مصر کی قومی ٹیم کے ہیروز میں سے ایک اور صوبہ دقہلیہ خصوصاً شہر سنبلّاوین کے فرزند ہیں، کو پیش کرتا ہوں۔ یہ تحفہ ورلڈ کپ 2026 میں ان اور ان کے ساتھی کھلاڑیوں کی بے مثال کامیابی کے اعتراف میں پیش کیا جا رہا ہے۔ میری دعا ہے کہ وہ ہمیشہ اس مقدس کتاب سے وابستہ رہیں اور مصر کے عوام کے لیے فخر اور خوشی کا باعث بنتے رہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حقیقی کامیابی ہمیشہ اخلاقی اقدار اور دینی و قومی اصولوں کی پاسداری سے وابستہ ہوتی ہے۔
طارق مرزوق نے کہا کہ دقہلیہ کے عوام ہر اس شخص پر فخر کرتے ہیں جو اپنی کامیابیوں سے مصر کا وقار بلند کرے۔
گورنر کے ہاتھ سے لکھے گئے اس پیغام کو سوشل میڈیا پر بھی بھرپور پذیرائی ملی۔ صارفین نے اس میں جھلکتی پدرانہ محبت، خلوص، ایمان اور امید کے پیغام کو سراہا اور امام عاشور کو دقہلیہ کے نمایاں سپوتوں میں شمار کیا، جنہوں نے مصری فٹبال کی تاریخ میں اپنا نام روشن کیا ہے۔
امام عاشور ورلڈ کپ 2026 میں مصر کے مؤثر ترین کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ انہوں نے بیلجیئم اور آسٹریلیا کے خلاف اہم گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔/
4364621