ایکنا نیوز- حج و زیارت کے اطلاعاتی مرکز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اربعین حسینی 2026 کے زائرین کی رجسٹریشن اپنے عروج کے قریب پہنچ گئی ہے۔ اب تک 13 لاکھ سے زائد افراد سماح (Samah) رجسٹریشن سسٹم میں اندراج کرا چکے ہیں، جن میں 17 روزہ نومولود سے لے کر 110 سالہ معمر زائر تک شامل ہیں۔
اربعین 2026 کے سفر کے خواہشمند زائرین کی رجسٹریشن دو ہفتے قبل سماح پورٹل پر شروع ہوئی تھی۔ عتباتِ عالیات کی جانب زائرین کی روانگی کے دن قریب آنے کے ساتھ رجسٹریشن میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور گذشتہ روز تک 13 لاکھ سے زائد افراد اس نظام میں اپنا اندراج کروا چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق رجسٹرڈ زائرین میں 58 فیصد مرد جبکہ 42 فیصد خواتین شامل ہیں۔ سب سے زیادہ رجسٹریشن صوبہ تہران، خراسانِ رضوی اور خوزستان سے ہوئی ہے۔
اسی طرح زائرین کی جانب سے عراق جانے کے لیے مہران، شلمچہ اور خسروی سرحدی راستوں کو سب سے زیادہ ترجیح دی گئی ہے۔
رواں سال رجسٹرڈ زائرین میں ہر عمر کے افراد شامل ہیں۔ رجسٹریشن ریکارڈ کے مطابق ایک 17 روزہ شیر خوار بچے سے لے کر 110 سالہ بزرگ زائر تک نے اس روحانی سفر کے لیے اپنا نام درج کرایا ہے، جو اربعین حسینی کی عظیم پیدل زیارت میں معاشرے کے ہر طبقے اور ہر عمر کے افراد کی بھرپور شرکت کی عکاسی کرتا ہے۔
حج و زیارت کے حکام نے اربعین کے دوران عتباتِ عالیات جانے والے تمام زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیمہ، طبی سہولیات اور امدادی خدمات سے مستفید ہونے کے لیے لازماً سماح سسٹم میں رجسٹریشن کرائیں اور اس عمل کو آخری دنوں تک مؤخر نہ کریں، تاکہ زائرین کے لیے بہتر منصوبہ بندی اور معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔/
4365462