ایکنا نیوز- العہد کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لبنان کے میڈیا گروپ "سراج میڈیا" نے ایک منفرد 100 روزہ عبادتی منصوبہ متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد نوجوان نسل کو صرف ایامِ سوگواری تک محدود رکھنے کے بجائے روزمرہ زندگی میں بھی شہید سید حسن نصر اللہ کی عملی تعلیمات اور روحانی طرزِ زندگی سے جوڑنا ہے۔
آج کی تیز رفتار دنیا میں نوجوانوں کی تخلیقی کاوشیں سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اسی تناظر میں سراج میڈیا نے ایمان پر مبنی اقدار کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے کے لیے "اندیشہ ہائے عبد صالح" (عبدِ صالح کے افکار) کے عنوان سے ایک جدید پلیٹ فارم تیار کیا ہے۔
یہ دراصل ایک عبادتی ڈائری ہے، جو شہید سید حسن نصر اللہ کی عملی تعلیمات سے متاثر ہو کر 100 روزہ منصوبہ بندی کے تحت ترتیب دی گئی ہے، تاکہ صارفین کے لیے عبادت اور معنویت سے مسلسل وابستگی آسان ہو سکے۔
سراج میڈیا کے بانی علی المرتضیٰ ابراہیم نے العہد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد "سیدالشہداءِ مقاومت" کے عملی ورثے کو محفوظ رکھنا ہے۔ ان کے مطابق شہادت کے بعد زیادہ تر توجہ جذباتی پہلوؤں اور مرثیوں پر مرکوز رہی، جبکہ ان کے مشن کو زندہ رکھنے کا اصل راستہ ان کی عملی تعلیمات اور عبادتی ہدایات کو عام کرنا ہے۔
اس پلیٹ فارم میں شہید سید حسن نصر اللہ کے خطابات اور ان کے قریبی ساتھیوں کے بیان کردہ عملی نکات کو روزانہ، ہفتہ وار اور موسمی پروگرام کی شکل میں مرتب کیا گیا ہے، جن میں شامل ہیں:
· نماز سے قبل روحانی تیاری: نماز کو بارگاہِ الٰہی میں حاضری کی اجازت طلب کرنے کے تصور کے ساتھ ادا کرنے کی تلقین۔
· روزانہ کے عبادتی اعمال: زیارتِ عاشورا، دعائے امام زمانؑ، اور روزانہ قرآنِ کریم کی تلاوت کا اہتمام۔
· نیابتی اعمال کا حصہ: ایسی جگہ جہاں صارف شہداء، بالخصوص شہید سید حسن نصر اللہ یا دیگر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے اپنے انجام دیے گئے اعمال کا اندراج کر سکے۔
· علمی و فکری مواد: دینی، فکری اور جہادی موضوعات پر مشتمل 100 منتخب اقوال کے ساتھ اہم دعائیں بھی شامل کی گئی ہیں، تاکہ صارف کو دیگر کتابوں یا ذرائع سے رجوع کرنے کی ضرورت نہ رہے۔
علی المرتضیٰ ابراہیم کے مطابق، یہ منصوبہ غیر منافع بخش بنیادوں پر انتہائی کم قیمت میں پیش کیا گیا ہے، تاکہ معاشرے کے مختلف طبقات، خصوصاً نوجوان نسل، اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکے۔/
4365334