غزہ سے فلسطینیوں کی بیدخلی کا نام تبدیل، عالمی مخالفت

IQNA

غزہ سے فلسطینیوں کی بیدخلی کا نام تبدیل، عالمی مخالفت

7:28 - June 30, 2026
خبر کا کوڈ: 3520382
ایکنا: ذرائع کے مطابق صہیونی حکومت کا غزہ کے عوام کو بے دخل کرنے کا منصوبہ، جسے "رضاکارانہ ہجرت" کا نام دیا گیا تھا، مختلف ممالک کی جانب سے پذیرائی حاصل نہ کر سکا، جس کے بعد حکومت نے اس منصوبے کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکنا نیوز- خبر رساں ادارے انادولو کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ صہیونی حکومت "رضاکارانہ ہجرت" کے عنوان سے غزہ کے عوام کی منتقلی کے منصوبے میں ناکامی کے بعد اب ایک نئے عنوان کے ساتھ اسی منصوبے کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔

صہیونی حکومت کے چینل 13 کی رپورٹ کے مطابق، ایک سیکیورٹی اجلاس میں اس معاملے کا جائزہ لینے کے بعد حکام نے ایک نئی حکمت عملی اختیار کی ہے۔ حکومت نے سیکیورٹی اداروں اور موساد کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ غزہ کے باشندوں کی منتقلی کے لیے "رضاکارانہ ہجرت" کی اصطلاح استعمال نہ کی جائے۔

یہ فیصلہ اس وجہ سے کیا گیا کہ مذکورہ اصطلاح کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بین الاقوامی برادری کا مؤقف ہے کہ یہ اصطلاح درحقیقت جبری بے دخلی کو فروغ دینے کی کوشش ہے، جس کے باعث متعدد ممالک نے غزہ کے فلسطینی باشندوں کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق اب تمام سرکاری اجلاسوں اور سرکاری مراسلات میں "آزادیِ نقل و حرکت کا منصوبہ" (Freedom of Movement Plan) کی اصطلاح استعمال کی جائے گی۔ چینل 13 نے مزید بتایا کہ متعلقہ ممالک سے رابطے میں موجود ذرائع نے امید ظاہر کی ہے کہ اصطلاح کی تبدیلی سے بعض ممالک کے مؤقف میں نرمی آسکتی ہے اور پہلے ناکام ہونے والے اس منصوبے کو دوبارہ فعال بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

اپریل میں اسرائیلی اخبار ہاآرتص نے رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنی بین الاقوامی امور کی مشیر Caroline Glick کو فلسطینیوں کی منتقلی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ اس سلسلے میں صومالی لینڈ اور  جمہوریہ کانگو سمیت بعض مقامات سے رابطے کیے گئے، تاہم یہ کوششیں کسی عملی نتیجے تک نہیں پہنچ سکیں۔

واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں تقریباً 24 لاکھ فلسطینی آباد ہیں۔ اسرائیلی محاصرہ 2007 سے جاری ہے اور حالیہ برسوں میں غزہ پر ہونے والے حملوں کے باعث انسانی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔/

 

4361017

نظرات بینندگان
captcha