غزہ طالبات نے ایک ہی نشست میں حفظ سے مکمل قرآن سنانے کا اعزاز حاصل کر لیا

IQNA

غزہ طالبات نے ایک ہی نشست میں حفظ سے مکمل قرآن سنانے کا اعزاز حاصل کر لیا

7:09 - August 05, 2026
خبر کا کوڈ: 3520545
1
ایکنا: قرآنِ کریم حفظ کرنے والی 110 طالبات نے ایک خصوصی پروگرام کے دوران ایک ہی نشست میں مکمل قرآنِ کریم حفظ سے سنا کر ختم کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔

ایکنا نیوز- الرأی نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ کے محکمہ اوقاف نے ترک ہیومینٹیرین ریلیف فاؤنڈیشن (IHH) کے تعاون سے خواتین کے ادارۂ حفظِ قرآن "دیوان الحافظات" کی 110 طالبات کے اعزاز میں تقریبِ تکمیلِ حفظِ قرآن منعقد کی۔

یہ تقریب قرآنی پروگرام "تراتیل التمکین" کے تحت منعقد ہوئی، جو وزارتِ اوقاف و دینی امورِ غزہ کی جانب سے حفظِ قرآن مکمل کرنے والوں کے سلسلہ وار پروگراموں کا حصہ ہے۔

وزارتِ اوقاف غزہ کے شعبۂ قرآن و سنت کے ڈائریکٹر جنرل محمد سالم نے اس بابرکت کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ طالبات نے ایک ہی نشست میں مکمل قرآنِ کریم حفظ سے سنا کر ختم کیا، جو غزہ اور اس کے عوام کے لیے باعثِ فخر و مسرت ہے۔

انہوں نے "دیوان الحافظات" کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے ایسا قرآنی ماحول فراہم کیا ہے جہاں طالبات اپنا وقت کتابِ الٰہی کی خدمت اور حفظِ قرآن کے لیے وقف کر رہی ہیں۔

دوسری جانب غزہ کے محکمہ اوقاف کے سربراہ اسعد مشتهی نے اس کامیابی پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ اور تباہی کے باوجود طالبات کا قرآن حفظ کرنے اور اس کی تلاوت جاری رکھنا پوری دنیا کے لیے یہ واضح پیغام ہے کہ غزہ کے عوام ہر مشکل کے باوجود قرآنِ کریم سے اپنا تعلق مضبوطی سے قائم رکھے ہوئے ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی نسل کشی کی جنگ کے باوجود ایسے قرآنی اجتماعات نئی بات نہیں۔ اس سے قبل بھی غزہ کی نصیرات پناہ گزین کیمپ میں واقع سید قطب مسجد میں 105 حفاظِ قرآن نے ایک پروقار تقریب کے دوران ایک ہی نشست میں مکمل قرآنِ کریم حفظ سے سنا کر ختم کیا تھا۔

اس تقریب کے منتظمین اور شرکاء نے اس قرآنی تحریک کو مزید وسعت دینے اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔/

 

4367789

نظرات بینندگان
captcha