شاہ فہد قرآن کمپلیکس کی جانب سے قرآن کے 44 سے زائد ڈیجیٹل تراجم دستیاب

IQNA

شاہ فہد قرآن کمپلیکس کی جانب سے قرآن کے 44 سے زائد ڈیجیٹل تراجم دستیاب

5:44 - July 26, 2026
خبر کا کوڈ: 3520499
1
ایکنا: مدینہ منورہ میں واقع شاہ فہد قرآنِ کریم پرنٹنگ کمپلیکس نے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے قرآن کریم کے 44 سے زائد ڈیجیٹل تراجم دنیا کی مختلف زبانوں میں عوام کے لیے دستیاب کر دیے ہیں۔

ایکنا نیوز- النیلین نیوز کے حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام شاہ فہد قرآن کمپلیکس کی ان کاوشوں کا حصہ ہے جن کا مقصد جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے کتابِ الٰہی کی خدمت کرنا اور دنیا بھر کے مسلمانوں اور غیر مسلموں کے لیے قرآن کریم کے معانی تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔

دستیاب تراجم میں ایشیا، یورپ اور افریقہ کی متعدد زبانیں شامل ہیں۔ ان تراجم کو ایک منظم اور مستند علمی طریقۂ کار کے تحت تیار اور نظرثانی کیا گیا ہے، جس کی نگرانی ماہرین کے منتخب پینل نے کی تاکہ قرآن کریم کے معانی کی صحت اور درستگی یقینی بنائی جا سکے۔

اس اقدام کے ذریعے غیر عربی زبان بولنے والے افراد جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے باآسانی قرآن کریم کے معانی تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

شاہ فہد قرآن کمپلیکس نے اعلان کیا ہے کہ تمام تراجم اس کی ویب سائٹ پر مفت ڈاؤن لوڈ اور استعمال کے لیے دستیاب ہیں، جس سے عالمی سطح پر قرآن کریم تک رسائی کو فروغ ملے گا اور اس کے ڈیجیٹل استفادے میں مزید وسعت آئے گی۔

یہ منصوبہ شاہ فہد قرآن کمپلیکس کی قرآن کریم کی خدمت کی مسلسل کوششوں اور سعودی عرب کے وزیرِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد قرآنی ڈیجیٹل سرگرمیوں کو فروغ دینا اور اعلیٰ ترین علمی معیار کے مطابق قرآن کریم کے تراجم دنیا کی مختلف اقوام تک پہنچانا ہے۔

واضح رہے کہ مدینہ منورہ میں قائم شاہ فہد قرآنِ کریم پرنٹنگ کمپلیکس کا افتتاح 30 اکتوبر 1984ء کو کیا گیا تھا۔ تقریباً چار دہائیوں پر محیط خدمات کے بعد یہ ادارہ آج دنیا کا سب سے بڑا قرآنِ کریم پرنٹنگ مرکز بن چکا ہے۔

یہ کمپلیکس سعودی عرب کے اہم ترین معاصر دینی و ثقافتی اداروں میں شمار ہوتا ہے اور مختلف قراءات کے مطابق قرآنِ کریم کے مستند نسخوں کی طباعت اور دنیا بھر، بالخصوص اسلامی ممالک، میں ان کی تقسیم کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

 

4365960

نظرات بینندگان
captcha