ایکنا نیوز-شفقنا نیوز ایجنسی سے گفتگومیں حلیم عادل کاکہنا ہے کہ امام خمینی ؒ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے فلسطین کے مردہ مسئلے کو اس طرح زندہ کر دیا کہ تا قیامت آنے والی نسلیں بھی فلسطین کے مسئلے کو فراموش نہیں کر سکتیں، انکاکہنا تھا کہ امام خمینی ؒ نے نہ صرف مسئلہ فلسطین کو زندہ کیا بلکہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس قرار دے کر پوری دنیا کو فلسطینیوں کی حمایت پر قائل کیا جس پر امام خمینی ؒ کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
حلیم عادل کاکہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے پاکستان میں جمعۃ الوداع یوم القدس کا احیاء بھرپور جوش اور جذبے سے کرنا چاہئیے اور میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان حکومت یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے اور اس دن پاکستان کے تمام سرکاری اداروں میں یوم القدس کی خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جانا چاہئیے۔
حلیم عادل شیخ نے غزہ پر جاری حالیہ صیہونی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حکومت صرف زبانی مذمتی بیانوں پر اکتفا نہ کرے بلکہ عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تا حال مسئلہ فلسطین کے حوالے سے کوئی مثبت اقدامات دیکھنے کو نہیں ملے ہیں تاہم حکومت کو مشورہ دیتا ہوں کہ مسئلہ فلسطین کے حل میں مثبت کردار ادا کرنے کے لئے عملی میدان میں آئے۔